0
Sunday 22 May 2016 12:33

آئندہ الیکشن میں مخالفین کو عبرتناک شکست ہو گی، چوہدری مجید

آئندہ الیکشن میں مخالفین کو عبرتناک شکست ہو گی، چوہدری مجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عملی سیاست کا آغاز کشمیر سے کر کے کشمیریوں سے اپنے آبائواجداد کی کمٹمنٹ پوری کی۔ 30 مئی کو میرپور میں جلسہ سے مقبوضہ کشمیر میں مثبت پیغام جائے گا، کشمیری عوام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں۔ پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے حقوق کا تحفظ اور تحریک آزادی کو فتح سے ہمکنار کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر مشیر چوہدری ریاض، مشیر حکومت شوکت راجہ، مشیر وزیراعظم راجہ نیاز، وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری عامر ذیشان، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری قاسم مجید بھی موجود تھے۔ جہانگیر بدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی سدابہار پارٹی ہے، بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی رابطہ مہم کا آغاز کشمیر سے والہانہ عقیدت اور محبت کا اظہار ہے۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ میری ذاتی خواہش تھی کہ بے نظیر بھٹو کا لخت جگر، نواسہ ذوالفقار علی بھٹو کی عملی سیاست کا آغاز کشمیر سے ہو۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی عملی سیاست کا آغاز کشمیر سے کر کے جو پیغام کشمیریوں کو دیا ہے اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور تحریک آزادی کشمیر سمیت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تحریک کو بھی نیاجوش اور ولولہ ملا ہے۔ بلاول بھٹو کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ آئندہ الیکشن میں مخالفین کو عبرتناک شکست ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے جلسوں نے بھارت کے ایوانوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ آزاد کشمیر میں میڈیکل کالج بے نظیربھٹو شہید نے دیے۔ شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے میرپور کے لیے انٹرنیشنل ایئرپورٹ دیا۔ بلاول بھٹو زرداری میرپور جلسہ میں میگاپراجیکٹس کا اعلان کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وفاق کی علامت چاروں صوبوں، کشمیر گلگت بلتستان کی زنجیر ہیں اور نوجوان نسل کے دلوں کی دھڑکن اور ان کے لئے رول ماڈل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میرپور کا جلسہ آزاد کشمیر کی سیاست کا تعین کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 540209
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش