0
Saturday 4 Jun 2016 17:42

خانہ فرہنگ لاہور میں امام خمینیؒ کی 27ویں برسی کی مناسبت سے تقریب

خانہ فرہنگ لاہور میں امام خمینیؒ کی 27ویں برسی کی مناسبت سے تقریب
اسلام ٹائمز۔ خانہ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران لاہور میں بانی انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ حضرت امام خمینی ؒ کی 27ویں برسی کے موقع پر ’’امام خمینی ؒ کے افکار میں استقلال اور خود اعتمادی‘‘ کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں ایران کے قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی، ثقافتی نمائندہ و ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران اکبر برخورداری، محکمہ اوقاف کے ڈائریکٹر جنرل طاہر رضا بخاری، ساؤتھ ایشیا یونیورسٹی کے وائس چانسلر عمران مسعود، جماعت اہلسنت کے صدر علامہ احمد علی قصوری، جامعہ نرجسیہ کے پرنسپل علامہ شاہد علی نقوی، جامعہ نعیمیہ کے پرنسپل علامہ راغب نعیمی، پیر معصوم شاہ نقوی صدر جمعیت علمائے پاکستان (نیازی)، خطیب مسجد موچی دروازہ لاہور آغا حیدر علی موسوی، ممبر کمیٹی نظارت امامیہ آرگنائزیشن علامہ علی رضا نقوی، لعل مہدی خان چئیرمین آئی او، پیر سید سجاد زنجانی، چئیرمین پیٹ ایدوائزری کمیٹی، مفتی عاشق حسین، مفتی سہیل رضا قادری، دن میڈیا گروپ کے ڈائریکٹر فاروق بٹ نے شرکت کی۔

مخدوم نذر حسین، پیر اختر رسول قادری، خالد شفیق خان، صاحبزادہ بلال چشتی جے یو پی (نیازی)، خانم سکینہ مہدوی صدر شعبہ خواتین مجلس وحدت المسلمین، سید وسیم عباس گیلانی، سید مقدس علی کاظمی، جعفر علی شگری، منصور جعفری اور محمد حسین گولڑوی خطیب جامع مسجد ٹھوکر نیاز بیگ اور محبین امام خمینی ؒ کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ مقررین نے امام خمینیؒ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تاریخ بشریت میں امام خمینی کی شخصیت بے نظیر ہے، وہ ایک حقیقی مسلمان لیڈر تھے، امام خمینی ؒنے ایک ایسے دور میں جبکہ پوری دنیا کی نظروں میں صرف 2 طاقتیں اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی تھی یہ واضح کر دیا کہ دنیا کے اندر صرف 2 طاقتیں مغربی دنیا اور کمیونسٹ ہی نہیں بلکہ تیسری ایک بہت بڑی طاقت بھی اسلام اور ایمان کی شکل میں موجود ہے۔

انھوں نے کہا کہ امام خمینی نے اپنے کردار و گفتار کے ذریعے نہ صرف ایرانی قوم کے دلوں پر حکومت کی بلکہ پورے جہاں کے مظلوموں کے دلوں کو اپنی طرف مبذول کیا۔ بیسویں صدی کے اس عظیم رہنما کو یہ منفرد مقام حاصل ہے کہ انھوں نے روئے زمین کے اندر الہی حکومت کا قیام عمل میں لاکر عالم اسلام کے اوپر یہ واضح کر دیا کہ اگر مسلمان اپنے یقین کامل، اعمال صالح اور علم آگہی کیساتھ اُٹھ کھڑے ہوں تو دنیا کی کوئی ایسی طاقت نہیں جو مسلمانوں کو زیر کر سکے۔ مقررین نے کہا کہ قوم نے امام خمینیؒ کا ساتھ دیا اور اللہ تعالی نے ایرانی قوم اور امام خمینی ؒ کی مدد و نصرت کی اور اللہ تعالی نے حضرت امام خمینی کی تلاش و کوشش کے نتیجے میں اس قوم کو امریکہ اور سامراجی طاقتوں کے شر سے نجات عطا کی اور آج ایرانی قوم علاقائی اور عالمی سطح پر سیاسی اقتصادی، ثقافتی استقلال اور علم و دانش کے میدان میں ترقی و پیشرفت کی شاہراہ پر گامزن ہے۔
خبر کا کوڈ : 543228
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش