0
Wednesday 15 Jun 2016 04:16

کوئٹہ، شہید میجر علی جواد کی بہشت زینب میں تدفین

کوئٹہ، شہید میجر علی جواد کی بہشت زینب میں تدفین
اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے بہادر سپاہی اور ہزارہ قبائیل کے باوفا سپوت میجر علی جواد کی نماز جنازہ کوئٹہ میں علامہ جمعہ اسدی کی اقتداء میں ادا کر دی گئی۔ نمازجنازہ میں صوبائی وزیرعلیٰ ثناء اللہ زہری اور کورکمانڈر بلوچستان سمیت مختلف سیاسی و عسکری شخصیات نے شرکت کی۔ بعد میں شہید میجر علی جواد چنگیزی کی بہشت زینب قبرستان میں ہی تدفین کردی گئی۔ اس موقع پر سیاسی و عسکری رہنماوں نے میجر شہید علی جواد کے اہل خانہ کو تہنیت پیش کی اور وطن عزیز کی سالمیت کیلئے ہزارہ قبائیل کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یاد رہے کہ میجر علی جواد چنگیزی دو روز قبل طور خم باڈر پر افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے تھے، جنہیں بعد میں سی ایم ایچ پشاور لایا گیا تھا تاہم وہ گذشتہ شب درجہ شہادت پر فائز ہوگئے، پشاور میں بھی شہید کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی شرکت کی تھی۔ شہید کی فاتحہ خوانی نچاری امام بارگاہ میں کی گئی، جہاں ان کے بیٹے، بھائی اور دیگر رشتہ داروں بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ شہید میجر جواد علی چنگیزی کے والد پاک فوج میں بریگیڈئر رہے، جبکہ ان کے دو چھوٹے بھائی بھی پاک فوج میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے پسماندگان میں ایک بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ میجر جواد علی نے ہمیشہ شہادت کی آرزو کی اور بالآخر اپنی منزل پا لی، ان کی شہادت پر پورے خاندان کو فخر ہے۔
خبر کا کوڈ : 545926
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش