0
Tuesday 12 Jul 2016 07:48

پیپلز پارٹی حکومت کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے، پرویز رشید

پیپلز پارٹی حکومت کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے، پرویز رشید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت جبکہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی حکومت کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید کی گالی اب گولی میں تبدیل ہو گئی ہے، ان کی نگرانی میں شفاف انتخابات کا خواب ہی دیکھا جا سکتا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کو مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے خون کا حساب دینا ہو گا، قانون نے ان کو جو ذمہ داریاں سونپی ہیں وہ انہیں پوری کرنی ہوں گی، صاف شفاف انتخابات کا ماحول بنائیں، وفاقی حکومت کی جانب سے ان کو جو تعاون چاہیے وہ ملے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی مسلسل حلاف ورزیوں پر عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ ہم کشمیریوں پر بھارتی فوج کے سنگین مظالم کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔ پمز ہسپتال میں مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے حلقہ ایل اے 17 سے زخمی امیدوار چودھری عزیز کی عیادت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ آزاد کشمیر میں قتل و غارت گری کا کھیل وزیراعظم آزادکشمیر چودھری عبدالمجید کی نگرانی میں کھیلا جا رہا ہے، آزاد کشمیر کے انتخابات میں شکست پیپلز پارٹی کی حکومت کا مقدر بن چکی ہے۔

انھوں نے کہا کہ 21 جولائی چودھری عبدالمجید کا یوم احتساب ہو گا۔ چودھری عبدالمجید اگر ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکتے تو ان کو نگران حکومت قائم کر دینی چاہیے تھی۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار پہلے ہی سے آزاد کشمیر کے انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا اعلان کر چکے ہیں، پولنگ کے دن فوج تعینات ہو گی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر میں جاں بحق کارکنوں اور ملک میں امن و استحکام کے لئے دعا کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ساتھ نہیں دیا اس لئے کشمیر کا مقدمہ کمزور ہوا، بھارتی مسلح افواج کشمیر کے شہریوں پر گولیاں برسا رہی ہے، آج مقبوضہ کشمیر کا ہر شہری دنیا اور اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہا ہے کہ وہ کب ان کے حق میں آواز بلند کریں گے۔ پاکستان نے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری مظاہرین کے قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس پر عالمی برادری کی خاموشی کو مجرمانہ غفلت قرار دیا۔ بعدازاں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں پر پتھر نہ ماریں،دوسروں پر تنقید سے قبل اپنے نانا، اپنی والدہ اور اپنے والد کی کشمیر پالیسی کے بارے میں تحقیق اور اپنی تین نسلوں کے حقائق سے متعلق سوچ لیا کریں۔ ان کے نانا مرحوم ہزار سال جنگ کی بات کرتے تھے، آپریشن جبرالٹر کے خالق وہ تھے لیکن اس کے بعد شملہ جا کر معاہدہ بھی انہوں نے ہی کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 551997
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش