0
Wednesday 27 Jul 2016 17:43

قائم علی شاہ کا استعفیٰ منظور، 29 جولائی کو نئے وزیراعلیٰ سندھ کا انتخاب عمل میں آئیگا

قائم علی شاہ کا استعفیٰ منظور، 29 جولائی کو نئے وزیراعلیٰ سندھ کا انتخاب عمل میں آئیگا
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے وزیراعلیٰ سندھ کی حیثیت سے سید قائم علی شاہ کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے، جس کے بعد سندھ کابینہ بھی تحلیل ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قائم علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور صوبائی کابینہ میں شامل وزرا کے ہمراہ گورنر ہاؤس کراچی پہنچے، جہاں انہوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو اپنا استعفیٰ پیش کیا، جسے منظور کر لیا گیا۔ دوسری جانب سندھ اسمبلی کے سیکریٹری نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت سندھ اسمبلی کے نئے قائد ایوان کیلئے 28 جولائی کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا سکتے ہیں، جبکہ 29 جولائی کو اسمبلی اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

پیپلز پارٹی نے قائم علی شاہ کی جگہ مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے، جو اپنی کابینہ کے ہمراہ جمعہ کو ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، ان کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوگی، جہاں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ان سے حلف لیں گے۔ واضح رہے کہ قائم علی شاہ کو سندھ کا سب سے زیادہ عرصے تک وزیراعلیٰ رہنے کا اعزاز حاصل ہے، وہ 1988ء سے 1990ء تک صوبے کے وزیراعلیٰ رہے، جس کے بعد پیپلز پارٹی نے 2008ء کے انتخابات میں کامیابی کے بعد انہیں وزیراعلیٰ مقرر کیا اور 2013ء کے عام انتخابات کے بعد بھی وہ اس ہی عہدے پر برقرار رہے۔
خبر کا کوڈ : 555827
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش