0
Sunday 14 Aug 2016 22:52

امریکا میں فائرنگ سے امام مسجد اور موذن جاں بحق

امریکا میں فائرنگ سے امام مسجد اور موذن جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ نیویارک میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کوئنر کی مسجد کے امام اور ان کے معاون کو جاں بحق کردیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی شہر نیویارک کے علاقے کوئنز میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے مسجد کے پیش امام اور ان کے معاون کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق 55 سالہ امام مولانا اخون اور ان کے معاون کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ نماز کی ادائیگی کے بعد گھر جارہے تھے، مسلح شخص نے عقب سے دونوں کے سر پر گولی ماری۔ واقعہ کے فوری بعد امام مسجد اور ان کے نائب کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں امریکا میں مقیم مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امام مسجد کے قتل کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ واقعہ نفرت پر مبنی ہے اور اس میں زیادہ کردار امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات کا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے امام مولانا اخون جی 2  برس قبل بنگلا دیش سے نیویارک منتقل ہوئے تھے لیکن تاحال واضح نہیں ہوسکا کہ امام مسجد اور ان کے نائب کو مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا یا پھر اس واقعہ کے پیچھے کچھ اور محرکات تھے۔ تاہم تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لئے بھی کارروائی شروع کردی ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 560550
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش