0
Wednesday 31 Aug 2016 19:57

این اے 63 جہلم اور پی پی 232 وہاڑی میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ مکمل

این اے 63 جہلم اور پی پی 232 وہاڑی میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ مکمل
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے 63 اور پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 232 میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے، جب کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق این اے 63 اور پی پی 232 وہاڑی میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا، جو شام 5 بجے تک بلاتعطل تک جاری رہا۔ این اے 63 جہلم میں 4 لاکھ 27 ہزار 757 ووٹرز کی تعداد ہے، جن کے لئے 314 پولنگ اسٹیشنز اور 974 پولنگ بوتھز قائم کئے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں 39 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 31 کو حساس قرار دیا گیا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس اور پاک فوج کے جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا، پاک فوج کے جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کیے گیے تھے۔ جہلم میں قومی اسمبلی کی نشست کے لئے مجموعی طور پر 4 امیدواروں نے حصہ لیا، (ن) لیگ کے مطلوب مہدی اور پی ٹی آئی کے چوہدری فواد کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، پی پی کے جہانگیر مرزا اور ایک آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔

واضح رہے کہ این اے 63 کی نشست (ن) لیگ کے اقبال مہدی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ این اے 63 جہلم میں ضمنی انتخاب کے موقع پر ڈی سی او کی جانب سے مقامی سطح پر چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا، جب کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹنگ کے عمل کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کے احکامات بھی جاری کئے گئے تھے۔ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 232 وہاڑی میں بھی ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے، حلقے میں رجسٹرڈ ایک لاکھ 91 ہزار 92 ووٹرز کے لئے 157 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے تھے۔ حلقے میں 31 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 48 حساس قرار دیا گیا تھا جب کہ پولیس اور پاک فوج کے جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔ مسلم لیگ (ن) لیگ کے چودھری یوسف اور تحریک انصاف کی عائشہ نذیر جٹ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، جب کہ مقناطیسی سیاہی استعمال نہ کرنے کے باعث ووٹرز میں شدید تحفظات بھی تھے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے غلط اثاثے جمع کرانے پر پی پی 232 پر(ن) لیگ کے امیدوار چودھری یوسف کی جیت کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 564315
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش