0
Sunday 18 Sep 2016 22:51

سید علی اویس سال 17-2016ء کیلئے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے نئے میر کارواں منتخب

سید علی اویس سال 17-2016ء کیلئے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے نئے میر کارواں منتخب
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے 37 ویں نوید سحر سالانہ ڈویژنل کنونشن کا انعقاد مرکزی امام بارگاہ جعفر طیار میں کیا گیا، کنونشن کے دوران اجلاس عمومی نے اکثریتی رائے سے سید علی اویس زیدی کو سال 17-2016ء کیلئے ڈویژنل صدر منتخب کیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس او کراچی ڈویژن کے نوید سحر کنونشن میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ غلام عباس رئیسی، علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان سرفراز نقوی سمیت علماء کرام، ارکان ذیلی نظارت، ارکانِ ڈویژنل کابینہ، ارکانِ مجلس عمومی سمیت طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تین روز تک جاری رہنے والے کنونشن کے آخری روز مختلف تنظیمی امور کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اجلاس عمومی نے اکثریتی رائے سے سید علی اویس زیدی کو سال 17-2016 کیلئے ڈویژنل صدر منتخب کیا۔

نئے ڈویژنل صدر برائے سال 17-2016ء کا اعلان مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان سید سرفراز نقوی نے کیا، رکن مرکزی نظارت علامہ سید احمد اقبال رضوی نے نو منتخب صدر علی اویس زیدی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر نو منتخب صدر علی اویس زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے ہمیشہ ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے کوشاں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے ملی اتحاد کے فروغ کیلئے جہاں ضرورت پڑی، اپنے آپ کو پیش کیا اور آئندہ بھی ملی اتحاد کو مضبوط کرنے کیلئے اپنی خدمات پیش کرتی رہے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان ہمیشہ طلبا و طالبات کی رہنمائی میں پیش پیش رہی ہے اور یہی روایت آئندہ بھی جاری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 568333
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش