0
Monday 28 Feb 2011 23:24

عوامی غیض و غضب کے لاوے کا اگلا شکار پاکستان ہونے والا ہے، الطاف حسین

عوامی غیض و غضب کے لاوے کا اگلا شکار پاکستان ہونے والا ہے، الطاف حسین
کراچی:اسلام ٹائمز۔ عوامی غیض و غضب کے لاوے کا اگلا شکار پاکستان ہونے والا ہے، امریکا نے ہمیشہ پاکستان کی اشرافیہ حکمرانوں اور آمروں کے ساتھ اپنے آپ کو خوش رکھا ہے، ہر شخص پاکستان میں آج انقلاب کی بات کر رہا ہے، دنیا میں جہاں کہی انقلابی تحریک چلی ہے وہاں محنت کشوں نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین، رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب، سرفراز نواز، ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کے انچارج انور سلیم اور جوائنٹ انچارج اسد کاظمی نے لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں منعقدہ ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کے 24ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ جلسہ میں سرکاری و نیم سرکاریی اداروں کے محنت کشوں اور مزدور یونینوں کے عہدیداران نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی، جن میں محنت کش خواتین کی ایک بڑی اکثریت بھی شامل تھی۔
الطاف حسین نے ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کے 24ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی غیض و غضب کے لاوے کا اگلا شکار پاکستان ہونے والا ہے، امریکا نے ہمیشہ پاکستان کی اشرافیہ حکمرانوں اور آمروں کے ساتھ اپنے آپ کو خوش رکھا ہے اور پاکستانی قوم اور عوام کو ہمیشہ نظر انداز کیا ہے۔ امریکہ کی یہ حکمت عملی انتہائی غلط ہے جس کے تحت پاکستان کے عوام کے دکھ اور مسائل کو نظر انداز کیا گیا، اہم ترین پاکستانی قوم کے ساتھ امریکہ کی حکمت عملی بالکل غلط ہے۔ اجتماع سے رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب، سرفراز نواز ، ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کے انچارج انور سلیم اور جوائنٹ انچارج اسد کاظمی نے بھی خطاب کیا۔ وسیم آفتاب نے کہا کہ ہم میں سے ہر شخص پاکستان میں آج انقلاب کی بات کر رہا ہے، پچھلے 62برس سے ملک کے مزدور کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، محنت کشوں کے ہاتھ میں بھوک آ رہی ہے جو لوگ ان کے نام پر سیاست کر رہے ہیں اور اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں ان کے گھروں میں تو خوشحالی آ رہی ہے، لیکن مزدور بھوکے ہیں، محنت کش، مزدور کسان حق پرستی کی تحریک کا حصہ بنیں اور انقلاب کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔
سرفراز نواز نے کہا ہے کہ پنجاب اور دیگر علاقوں کے جاگیردار عام لوگوں کو لوٹ رہے ہیں، ظلم کر رہے ہیں، ملک میں کرپشن اور لوٹ کھسوٹ چل رہی ہے، ملک کے خزانے پر ڈاکہ ڈال کر ملک کا پیسہ باہر لے جایا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 10 اپریل کو مینار پاکستان پر منعقدہ جلسہ شاندار اور عظیم الشان کامیابی حاصل کرے گا۔ لیبر ڈویژن کے انچار ج انور سلیم نے کہا کہ اللہ رب العزت نے سچ بات کو ایک ایسی صفت بخشی ہے کہ جو اللہ نے شعلے میں رکھی اور شعلہ چاہے کتنا ہی کم کیوں نہ ہو لیکن جتنا اس کو دبایا جائے گا، وہ اتنی تیزی سے اوپر اٹھے گا، اللہ نے سچائی کو یہ صف دی ہے کہ سچائی کو جب دبانے کی کوشش کی جائے گی اور جتنی طاقت سے دبایا جائے گا اس سے ہزار گنا طاقت سے اٹھ کر آئے۔ لیبر ڈویژن کے جوائنٹ انچارج اسد کاظمی نے کہا کہ دنیا میں جہاں کہی انقلابی تحریک چلی ہے، وہاں محنت کشوں نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور پاکستان کا محنت کش طبقہ بھی ملک میں انقلاب کیلئے تیار ہے۔
خبر کا کوڈ : 56877
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش