0
Thursday 22 Sep 2016 15:24

افغان حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان امن معاہدے پر دستخط

افغان حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان امن معاہدے پر دستخط
اسلام ٹائمز۔ افغان حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان تاریخی امن معاہدے پر دستخط کر لئے گئے۔ افغان دارالحکومت کابل میں حکومتی وفد افغان امن کونسل اور حزب اسلامی کے درمیان امن معاہدے کے ابتدائی مسودے پر دستخط کئے گئے۔ تقریب میں دونوں فریقین کے اہم رہنما موجود تھے۔ حزب اسلامی کا کہنا ہے کہ معاہدے کے بعد کسی مسلح تنظیم کی حمایت نہیں کریں گے۔ حکومت کے ساتھ مستقل سیز فائر رہے گا، معاہدے کے مطابق افغان حکومت، حزب اسلامی اور اس کی قیادت پر بین الاقوامی پابندیاں ختم کروائے گی۔ صدر اشرف غنی اور حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار باقاعدہ معاہدے کی توثیق کریں گے۔ امن معاہدہ کرنے کے لئے فریقین کے درمیان دو سال سے بات چیت جاری تھی۔
دیگر ذرائع کے مطابق افغان حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا۔ سالوں سے روپوش سابق وزیراعظم گلبدین حکمتیار کی افغان سیاست میں واپسی کی راہیں ہموار ہوگئیں۔ معاہدہ کابل میں طے پایا، جس میں افغان حکومت کے نمائندے اور حزب اسلامی کے مقامی رہنماؤں نے شرکت کی۔ معاہدہ افغان صدر اشرف غنی اور حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمتیار کے دستخطوں کے بعد قابل عمل تصور ہوگا۔ دونوں رہنما معاہدے کے وقت موجود نہیں تھے۔ گلبدین حکمتیار سویت یونین کے خلاف افغان جہاد کا اہم کردار رہے اور 1992ء سے 96 تک افغانستان کے وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 569386
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش