0
Saturday 1 Oct 2016 17:30

فیصل آباد، وزیراعلیٰ پنجاب کی شہیدلانس نائیک کے گھر آمد اور لواحقین سے اظہار تعزیت

فیصل آباد، وزیراعلیٰ پنجاب کی شہیدلانس نائیک کے گھر آمد اور لواحقین سے اظہار تعزیت
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ہنگامی دورہ پر فیصل آباد پہنچے، جہاں انہوں نے جمعرات کے روز لائن ۱ٓف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور جارحیت کا نشانہ بن کر جام شہادت نوش کرنیوالے پاک فوج کے جوان نائیک امتیاز احمد کی رہائشگاہ جاکر اسکے والد ماسٹر محمد اقبال سمیت پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ شہباز شریف  نے ہجویری ٹاؤن فیصل آباد کے خاکی شاہ قبرستان جاکر شہید کی آخری آرام گاہ پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے شہید امتیاز احمد کے بھائیوں، بہنوں، بیوہ اور تین معصوم بیٹیوں سے ملاقات کے دوران شہید کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا ہمارا سرمایہ افتخار اور ملک و قوم کے ہیرو ہیں، جنہوں نے وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا، شہیدہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ہر کشمیری کے دل میں آزادی کی تڑپ زندہ رہے گی اور انشاء اللہ ایک دن کشمیر آزاد ہو گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے، اسلئے ہم اپنے شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، شہید کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائیگا، بھارت نے سرجیکل سٹرائیکس کی غلطی کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان نازک موڑ پر کھڑا ہے، قوم میں انتشار کو فروغ دینے والے شہدا کے خون سے بے وفائی کررہے ہیں۔ انہوں نے شہید امتیاز احمد کی بچیوں سے شفقت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پیار کیا اور کہا کہ شہید کے اہل خانہ کیلئے جو کچھ بھی ہوسکا وہ میں کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے فیصل آباد کے علاقے ہجویری ٹاؤن سرگودھا روڈ کے سکول کو اپ گریڈ کرکے شہید امتیاز احمد کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 571831
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش