0
Saturday 8 Oct 2016 21:27

جیلوں میں عزاداری پر پابندی تشویشناک ہے، حکمران روش تبدیل کریں، علامہ مبارک موسوی

جیلوں میں عزاداری پر پابندی تشویشناک ہے، حکمران روش تبدیل کریں، علامہ مبارک موسوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک علی موسوی نے لاہور میں صوبائی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیو ایم پنجاب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم محرم الحرام ایک ایسے وقت میں منا رہے ہیں، جب نجس اور ناپاک دشمن اس پاک وطن کی سرحدوں پر اشتعال انگیزی میں مصروف ہے اور ہمارے دلاور مخافظ جذبہ مرتضوی و شبیری سے لیس ہو کر اپنی مادر وطن کا دفاع کر رہے ہیں، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ اس حساس موقع پر ہم اپنی باہمی وحدت اور نظم کے ذریعے دشمن کو ایک طاقتور پیغام دیتے، مگر دشمن کے آلہ کار جو ہماری صفوں میں گھسے ہوئے ہیں، وہ دن رات اس کوشش میں سرگرداں ہیں کہ کس طرح ہمیں داخلی مسائل میں الجھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ہمارے ناعاقبت اندیش افسران ان کی سازشوں کا شکار ہو جاتے ہیں، عزاداری سیدالشہداء جو ہم سب کی مشترکہ میراث ہے اور جو کہ اس وقت ملک کے طول و عرض میں برپا ہے، اس پر پنجاب کی جیلوں میں پابندی لگا دی گئی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے مسلسل رابطہ کرنے کے باوجود اس مسئلہ کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، آئین پاکستان، ہر شخص کو چاہے وہ اسیر ہی کیوں نہ ہو، مذہبی آزادی کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا اڈیالہ جیل کی مثال لے لیں، جہاں کئی دہائیوں سے ہونیوالے اہل تشیع اسیروں کے جمعہ کی نماز کے اجتماعات پر پابندی لگائی گئی ہے، عشرہ محرم الحرام میں وہاں پر ذاکرین کے جانے اور مجالس امام مظلوم پر بھی پابندی لگائی گئی ہے، ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کی بھی یہی صورتحال ہے اور وہاں حالات بدتری کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہماری اطلاعات کے مطابق وہاں قیدیوں نے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے، ہم ایسے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ذمہ داران کو ان مشکلات سے آگاہ کرتے رہے ہیں اور اس کیلئے متعدد طریقے اختیار کئے گئے، جن میں حکومت وقت سے لے کر انتظامیہ کو خطوط لکھے گئے، ان سے ملاقاتیں کی گئیں مگر حالات کو خرابی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم میڈیا کے ذریعے ذمہ داران کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ روش کو درست کریں، ہم عزاداری مظلوم کربلا پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں اور نہ ہی اس سے ایک قدم پیچھے ہٹیں گے۔ اس موقع پر سید محسن شہریار ممبر پولیٹیکل ایگزیکٹیو کونسل مجلس وحدت مسلمین پاکستان، علامہ سید نیاز بخاری، سید حسین زیدی، باقر حسین ایڈووکیٹ، زاہد حسین مہدوی بھی ان ہمراہ پریس کانفرنس میں شریک تھے۔
خبر کا کوڈ : 573884
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش