0
Thursday 27 Oct 2016 21:12

دفعہ 144 کے 144 ٹکڑے کردیں گے، شیخ رشید

دفعہ 144 کے 144 ٹکڑے کردیں گے، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کل دفعہ 144 کے 144 ٹکڑے کردیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 2 نومبر کو راولپنڈی بھی ہر صورت بند ہوگا اور چاندنی چوک سے اسلام آباد تک ہر گلی محلے سے لوگ سڑکوں پر نکل آئیں گے، ابھی تک ہم نے آغاز نہیں کیا تھا لیکن کل ہم لال حویلی سے آغاز کریں گے۔ انھوں نے سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مبارک ہو، آپ نے کھیل شروع کردیا ہے اور اب ہم آپ کو اس کے انجام تک پہنچا کر رہیں گے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے لال حویلی پر قبضے کو غیر قانونی قرار دینے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ گذشتہ روز شیخ رشید نے کہا تھا کہ انہیں متروکہ ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ای ٹی بی پی) کی جانب سے لال حویلی 15 روز کے اندر خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے، تاہم ای ٹی بی ٹی کے ریجنل ایڈمنسٹریٹر چوہدری تنویر حسین نے شیخ رشید کے اس دعوے کی نفی کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوٹس لال حویلی سے متصل اس زمین کو خالی کرنے کے لیے بھیجا گیا ہے جو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کے زیر استعمال ہے۔ واضح رہے کہ لال حویلی بوہر بازار کے مرکز میں واقع ہے اور شیخ رشید کا سیاسی دفتر یہیں قائم ہے۔ شیخ رشید نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مرتبہ پھر دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا، جس کے تحت جلسے جلوس پر مکمل پابندی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 578969
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش