0
Thursday 27 Oct 2016 23:41

پرویز الہیٰ کی مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماوں کو 2 نومبر کے احتجاج میں شمولیت کی دعوت

پرویز الہیٰ کی مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماوں کو 2 نومبر کے احتجاج میں شمولیت کی دعوت
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی اور سیکرٹری امور سیاسیات اسد عباس نقوی کی پاکستان مسلم لیگ قاف کے مرکزی رہنما، سابق نائب وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے لاہور میں ملاقات ہوئی، چوہدری پرویز الہٰی اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ دو نومبر کی موومنٹ سیاسی جماعتوں کا آئینی حق ہے، نون لیگ کا طرز حکمرانی آمرانہ ہے، اداروں کے درمیان تصادم کی فضاء پیدا کرنے کی سازش کی جارہی ہے، چوہدری پرویز الہٰی  نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں کو دو نومبر کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دو نومبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت پر شکر گزار ہیں، ایم ڈبلیو ایم  سانحہ ماڈل ٹائون اور پانامہ لیکس پر حکومتی احتساب کے مطالبے پر قائم ہے، نیشنل ایکشن پلان کا غلط استعمال کرتے ہوئے ملت جعفریہ کو نشانہ بنانے والے اقدامات پر موجودہ حکومت کو جواب دہ ہونا پڑے گا، سانحہ کوئٹہ میں کالعدم مذہبی جماعتوں اور را کا گٹھ جوڑ تشویش ناک ہے، موجودہ حکومت مسئلہ کشمیر کے حل میں سفارتی طور پر مکمل ناکام ہے، مضبوط خارجہ پالیسی ہی مسئلہ کشمیر کے فوری حل میں معاون ثابت ہو سکتی ہے، موجودہ ملکی سیاسی صورت حال میں تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔

مرکزی سیکریٹری سیاسیات اسدعباس نقوی نے دو نومبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت پر چوہدری پرویز الہیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو نومبر کے احتجاج کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کے ادارے کوئی بھی فیصلہ پارٹی سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی وطن واپسی کے بعد کریں گے، ملک میں عدم استحکام اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کے کسی بھی اقدام کے مخالف ہیں، تاہم کرپٹ اور ظالم حکومت کے خلاف احتجاج تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کا آئینی وقانونی حق ہے۔
خبر کا کوڈ : 579007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش