0
Thursday 17 Nov 2016 21:51

فیصل کریم کنڈی کی وحدت ہائوس اسلام آباد میں ناصر شیرازی سے ملاقات

فیصل کریم کنڈی کی وحدت ہائوس اسلام آباد میں ناصر شیرازی سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔ جو نادیدہ قوتیں ضرب عضب کو ناکام بنانا چاہتی ہیں، ان کو سوائے ناکامی کے اور کچھ نہیں ملے گا۔ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ کچھ عالمی طاقتیں اور خلیجی ممالک سی پیک کی تعمیر کو اپنے مفادات پر کاری ضرب تصور کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس اہم منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔ ہمارے پڑوسی ملک بھارت کا اس میں انتہائی گھناؤنا کردار ہے۔ وہ بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں مصروف ہے، تاکہ یہ معاملہ کھٹائی میں پڑا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور فوج کی اعلٰی قیادت پورے عزم، جرات اور ولولے کے ساتھ سی پیک کی تکمیل کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، جو لائق تحسین ہے۔ گوادر پورٹ کا عملی آغاز ملکی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔

سی پیک منصوبے میں گلگت بلتسان کے عوام کو نظر انداز کرنے کی کوشش اس کی افادیت کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی اس اکثریت آبادی کے لئے مایوسی کا باعث بنے گی، جن کا تحریک پاکستان سے قیام پاکستان تک اہم اور نمایاں کردار رہا ہے۔ دہشت گردی کے حوالے سے دونوں رہنماؤں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل درآمد کے ذریعے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑا جا سکتا ہے۔ دہشت گردوں عناصر کی پشت پناہی ملک کی کالعدم مذہبی جماعتیں کر رہی ہیں۔ جب تک ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی، تب تک امن و امان کا قیام ممکن نہیں اور اس پر ملک کی تمام معتدل اور ہم خیال قوتوں کا موقف بالکل واضح اور شفاف ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے مجلس وحدت مسلمین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد و اخوت کے لئے اس جماعت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ اپنے حقوق کی لئے انہوں نے ہمیشہ آئین و قانون اور اقدار کی پاسداری کی۔ انہوں نے قائد مجلس وحدت مسلمین علامہ ناصر عباس جعفری کی ہمشیرہ محترمہ کے انتقال پر تعزیت کا بھی اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لئے صبر کی دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 584665
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش