0
Saturday 26 Nov 2016 16:22

جھنگ، فورتھ شیڈول میں شامل رہنماوں کی گرفتاری کیخلاف اہلسنت والجماعت کا ایوب چوک میں دھرنا، دوسرے روز ختم

جھنگ، فورتھ شیڈول میں شامل رہنماوں کی گرفتاری کیخلاف اہلسنت والجماعت کا ایوب چوک میں دھرنا، دوسرے روز ختم
اسلام ٹائمز۔ اہلسنت والجماعت پاکستان کے سربراہ احمد لدھیانوی اور صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں کالعدم سپاہ صحابہ کے حمایت یافتہ امیدوار مسرور نواز جھنگوی نے جھنگ میں احتجاجی دھرنے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی امیدوار کو دھاندلی کے ذریعے کامیاب کرانے کے لئے ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے، ہمارے ووٹرز کو اٹھایا جا رہا ہے، انکا دفاع ہمارا فرض ہے، آئندہ کوئی ایسی حرکت ہوئی تو پھر احتجاج کریں گے، اس بار ہمارے مینڈیٹ پر شب خون مارنے والے حالات کے ذمہ دار بھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں کسی صورت دھاندلی نہیں ہونے دیں گے، جھنگ سے وزیروں کی بارات خالی ہاتھ ہی واپس جائے گی۔ واضح رہے کہ انتظامیہ کی طرف سے اہلسنت والجماعت ضلع جھنگ کے رہنما قاری عبدالغفور جھنگوی اور مرکزی رہنما احمد لدھیانوی سمیت فورتھ شیڈول میں شامل کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، جس کے بعد اپنے ساتھیوں کی گرفتاری کے خلاف نماز جمعہ کے بعد اہلسنت والجماعت نے احتجاجی ریلی نکالی، جس کی قیادت احمد لدھیانوی، سابق صوبائی وزیر شیخ حاکم علی اور عبد الغفور جھنگوی نے کی، بعد ازاں اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما اورنگزیب فاروقی نے بھی ریلی میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء مرکز حق نواز سے ایوب چوک پہنچے، جہاں دھرنا دیا گیا۔ گذشتہ روز سے جاری دھرنے میں اے ڈی سی، اے سی جھنگ، ڈی ایس پی سٹی، ڈی ایس پی صدر کے اہلسنت والجماعت کے قائدین سے مذاکرات ہوئے اور انتظامیہ کی طرف سے کارکنوں کو ایک دو روز میں رہا کرنے، 174 کارکنوں کی گرفتاری نہ کرنے، جھنگ انتظامیہ کی طرف سے انتخابات کے دوران دھاندلی میں حکمران جماعت کی معاونت سے گریز اور الیکشن فوج کی نگرانی میں کرائے جانے کی یقین دہانی کروائی۔ انتظامیہ سے مذاکرات اور مطالبات پورے کئے جانے کی یقین دہانی کے بعد اہلسنت والجماعت کے قائدین نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے وسیع تر مفاد میں انتظامیہ کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ دھرنے سے جھنگ انتظامیہ کے ایک افسر کے خطاب کے بعد مسرور نواز جھنگوی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہیں اصل لیڈر جو اپنے کارکنان خالد جونیجو انصاری، طالب قیامت کی غیر قانونی گرفتاری پر سراپا احتجاج ہیں، قاری رفیق حیدری اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ساری رات سخت سردی کے باوجود کارکنان کے درمیان موجود رہے، کارکنو، آپ کی استقامت کو میرا سلام ہے۔

انتظامیہ کے افسران کی موجودگی میں مسرور نواز جھنگوی نے کہا کہ اے شیخ وقاص اکرم تم کہتے ہو کہ ہم جھنگ میں دھاندلی کریں گے، یاد رکھو، تجھے ماں نے جنا ہے تو مجھے بھی ماں نے جنا ہے، اگر تم بدمعاشی کرو گے، تو اس کا جواب جرات اور حوصلے کیساتھ دوں گا، یہ میرا بابا لدھیانوی تھا، جو تجھے برادشت کرتا تھا، میرے ساتھ اتنی بدمعاشی کرنا، جتنی تم بعد میں برداشت بھی کر سکو۔ انکا کہنا تھا کہ کالعدم سپاہ صحابہ کے مقتول رہنما حق نواز جھنگوی نے جس طرح ہمیں ایک قوم بنایا تھا، آج بھی ہم ایک ہیں، نہ کوئی لوکل، نہ کوئی مہاجر، نہ ہی کوئی ذات پات ہے، بس اگر ہم کچھ ہیں تو فقط صحابہ ؓ و اہل بیتؑ کے سپاہی ہیں۔ عوامی راج پارٹی کے سربراہ اور مظفر گڑھ سے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے جھنگ دھرنے میں شریک ہو کر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہلسنت والجماعت کے کارکنوں کی گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ جھنگ کے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت اپنی شکست تسلیم کرچکی ہے۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی جھنگ، بلوچ اتحاد گروپ نے مسرور نواز جھنگوی کی حمایت اور انجمن تاجران کے صدر جمشید اختر اور جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کے امیدوار شہباز گجر نے مسرور نواز جھنگوی کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 586683
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش