0
Tuesday 20 Dec 2016 23:11

بلوچستان میں عرب شکاریوں کے قافلے پر حملہ، 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچا

بلوچستان میں عرب شکاریوں کے قافلے پر حملہ، 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچا
اسلام ٹائمز۔ شہزادہ شیخ سیف بن زید النہیان کی سربراہی میں ابو ظہبی سے تلور کے شکار کے لیے آنے والے قافلے پر بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے گچکی میں مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حملے کے نتیجے میں عرب شکاریوں کے قافلے کی 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ گچکی کے تحصیل دار کے مطابق فرنٹیئر کورپس (ایف سی) اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، جس سے حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے کو سیل کردیا گیا اور قافلے کو اس کے کیمپ تک پہنچا دیا گیا۔ دوسری جانب کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے بلوچستان کے ضلع کیچ میں قطری شہزادوں کو تلور کے شکار کی غرض سے زمین الاٹ کیے جانے کے خلاف کسانوں اور قبائلی افراد نے مظاہرہ بھی کیا تھا۔ کسانوں اور قبائلی افراد کا کہنا تھا کہ یہ فصل کا سیزن تھا لیکن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پوری تحصیل قطری شہزادوں کے حوالے کر دی گئی اور لوگوں کو ان کے روزگار سے محروم کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ عرب شہزادوں کو پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تلور کے شکار کی اجازت دی گئی تھی، تاہم خیبرپختونخوا حکومت نے قطری شہزادوں کو صوبے میں تلور کے شکار کی اجازت کے لیے کی گئی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ گذشتہ دنوں بھی اس حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ قطری شہزادہ شیخ علی بن عبداللہ الثانی شکار کے لیے جب بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقوں ہوشاب اور بالاکتار پہنچے تو انہیں شکار کی اجازت کے سلسلے میں کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ قطری شہزادے نے شکار کے لیے اجازت نہ ملنے پر وزیراعظم نواز شریف کو فون کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت کو قطری شہزادے کو سیکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کرنے کی فوری ہدایات جاری کیں، جس کے بعد قطری شہزادہ اپنے خاندان اور عملے کے دیگر ارکان کے ہمراہ تربت پہنچے تھے۔
خبر کا کوڈ : 593261
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش