0
Wednesday 4 Jan 2017 13:28

کشمیر کے حالات کیلئے براہ راست پاکستان ذمہ دار ہے، بھاجپا

کشمیر کے حالات کیلئے براہ راست پاکستان ذمہ دار ہے، بھاجپا
اسلام ٹائمز۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کشمیر کے حالات کیلئے براہ راست پاکستان کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اصل جڑ پاکستان ہے جہاں سے ہتھیار بھیجے جاتے ہیں اور یہاں قتل عام ہوتا ہے۔ بھاجپا کے رکن اسمبلی کشمیر رویندر رینہ نے اپنے ایک پریس بیان میں کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میں ایسا عنصر موجود ہے، جو نہیں چاہتا کہ یہاں امن قائم رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، نیشنل کانفرنس یا کانگریس کی لڑائی نہیں بلکہ جمہوری اور غیر جمہوری سوچ رکھنے والوں کے درمیان لڑائی ہے، جس کو ہم سب نے مل کر لڑنا ہے۔ حریت کانفرنس کو جمہوری نظام کا دشمن قرار دیتے ہوئے رویندر رینہ نے کہا کہ وہ حیران ہیں کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ جیسے بڑے لیڈر نے بھی یہ بیان دیا کہ وہ حریت کانفرنس کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلہ کی جڑ پاکستان ہے، پاکستان اپنے زیر انتظام کشمیر اور بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، ہمیں اس کی مخالفت کرنی چاہئے، جو پاکستان کی بندوق اٹھاکر لاتا ہے اور جس کے اشاروں پر یہ بندوق چلتی ہے، اس کی مخالفت کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی ہلاکت کے بعد ٹھیک ہے حالات خراب ہوئے، لیکن اس کے پیچھے مین اسٹریم پارٹیاں تھیں۔ انہوں نے این سی اور کانگریس پر ماحول خراب کرنے کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشتواڑ، راجوری اور پونچھ میں بھی حالات خراب کرنے کی کوشش کی گئی اور ہندو کو مسلمان کے خلاف لڑانے کی سعی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسی رپورٹوں سے پتہ چل جائے گا کہ کس نے حالات خراب کرائے اور کون ملوث تھا۔
خبر کا کوڈ : 596954
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش