0
Monday 1 Jun 2009 10:04

جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ پسپا، 40طالبان ہلاک،8 اہلکار شہید:فوجی ترجمان

جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ پسپا، 40طالبان ہلاک،8 اہلکار شہید:فوجی ترجمان
راولپنڈی، وانا:سوات اور جنوبی وزیرستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جھڑپوں میں 40 طالبان ہلاک، ایک افسر سمیت 8 فوجی شہید اور 6 زخمی، جمرود میں دو طالبان کمانڈروں نے گرفتاری دے دی، وزیرستان میں یو سی ناظم قتل، بیدارہ میں گرلز اسکول نذر آتش،مینگورہ میں اسکول پر حملہ چوکیدار ہلاک 3 ملازمین کو اغواء، مینگورہ پر کنٹرول کے بعد فورسز کا گشت، امدادی سرگرمیاں شروع کر دی۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل اطہر عباس نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کالام میں داخل ہو گئی ہیں۔ اتوار کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سوات کے مختلف علاقوں میں آپریشن راہ راست جاری ہے اور مینگورہ پر مکمل کنٹرول کے بعد امدادی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔ سکیورٹی فورسز شہر کے اہم علاقوں میں گشت کر رہی ہیں۔ فورسز نے گاؤں نجی گرام سے بھی عسکریت پسندوں کا کامیابی سے صفایا کردیا ہے۔ ایک جوان دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے شہید ہوگیا۔پیوچار میں سکیورٹی فورسز کا تلاشی اور ناکہ بندی آپریشن کامیابی سے جاری ہے،فورسز نے دوب بانڈہ میں آپریشن کر کے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی بڑی مقدار برآمد کرلی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے شانگلہ سے 6 کلو میٹر جنوب مشرق میں یخ تنگی کنڈاؤ میں شرپسندوں کے ایک تربیت مرکز کو تباہ کردیا جس کے نتیجے میں شرپسندوں کی متعدد نعشیں ملی ہیں۔ فورسز نے بحرین سے 14 کلو میٹر شمال مشرق میں منکیال گاؤں سے عسکریت پسندوں کا صفایا کر دیا ہے جبکہ بحرین،کزلائی کوٹ اور کڈائی میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔ بیان کے مطابق شرپسندوں نے مٹہ سے ساڑھے تین کلو میٹر شمال میں بیدڑہ کے مقام پر لڑکیوں کے ہائی اسکول کو آگ لگا دی۔ سکیورٹی فورسز اتوار کو کالام میں داخل ہوگئیں اور ان کا تلاشی و ناکہ بندی آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے شرپسندوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران عمر زیب چیک پوسٹ (دیر) میں دو شرپسند ہلاک کر دیئے ہیں جبکہ قمبر بازار اور کلپانی میں آپریشن جاری ہے۔ اطہر عباس نے کہا کہ گزشتہ رات شرپسندوں نے سپن کئی رغہ زئی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا جسے کامیابی سے پسپا کر دیا گیا۔ جوابی کارروائی میں 15 عسکریت پسند ہلاک اور 8 جوان شہید جبکہ 6 زخمی ہوئے۔ چار فوجی ابھی تک لاپتہ ہیں۔ جنوبی وزیرستان کی تحصیل تیارزہ شکئی کے علاقہ وارزہ میں فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان گزشتہ رات فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 10 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز کا قافلہ تیارزہ قلعہ کی طرف جا رہا تھا کہ راستے میں دو مقامات پر دھماکہ خیز مواد ناکارہ بنایا گیا جبکہ تیسرے مقام پر دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کے دوران ایک کمپاؤنڈ سے قافلے پر فائرنگ کی گئی۔ فورسز کی جوابی کارروائی سے کمپاؤنڈ میں موجود 10 عسکریت پسند مارے گئے۔
خبر کا کوڈ : 5971
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش