0
Friday 6 Jan 2017 13:20

کراچی میں تھانے پر دستی بم حملہ اور ٹریفک پولیس پر فائرنگ، 1 شخص جاں بحق

کراچی میں تھانے پر دستی بم حملہ اور ٹریفک پولیس پر فائرنگ، 1 شخص جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں نامعلوم افراد کی جانب سے تھانے پر دستی بم حملے اور ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق، جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں دن چڑھتے ہی دہشتگرد بے لگام ہوگئے، پہلے نارتھ ناظم آباد میں تیموریہ تھانے پر دستی بم حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، جبکہ دوسری جانب فائیو اسٹار چورنگی پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار اور راہگیر زخمی ہوگیا، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں راہگیر زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے آٹھ خول ملے ہیں، جبکہ جائے وقوعہ سے پولیس نے سرکاری ایس ایم جی کے نو خول بھی برآمد کئے ہیں، نائن ایم ایم کے خول دہشتگردوں کے، جبکہ ایس ایم جی کے پولیس اہلکاروں کے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک اہلکاروں نے دہشتگردوں پر ایس ایم جی سے فائرنگ کی تھی۔

دوسری جانب ڈی آئی جی کراچی ذوالفقار لاڑک کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد نے تھانے کی دیوار پر دستی بم پھینکا، جبکہ دہشتگردوں نے فائیو اسٹار چورنگی پر ٹریفک اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی، تاہم اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دہشتگرد فرار ہوگئے۔ موٹر سائیکل پر سوار دہشتگردوں میں سے ایک نے ہیلمٹ اور دوسرے نے رومال لپیٹا ہوا تھا، تاہم علاقے کی ناکہ بندی کرکے دہشتگردوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے تھانے پر دستی بم حملہ اور ٹریفک اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سے تفصیلی انکوائری پر مشتمل رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تفتیش کو انتہائی مربوط اور مؤثر بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 597561
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش