0
Friday 20 Jan 2017 19:40

خیبر پی کے حکومت نے جنوبی اضلاع کو ایک روپے کا بھی فنڈ نہیں دیا، اکرم خان درانی

خیبر پی کے حکومت نے جنوبی اضلاع کو ایک روپے کا بھی فنڈ نہیں دیا، اکرم خان درانی
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ عمران خان پانامہ لیکس پر وقت ضائع کرنے کے بجائے خیبر پختونخوا کی عوام کی حالت زار پر توجہ دیں۔ گذشتہ تین سالوں کے دوران صوبے کے جنوبی اضلاع کیلئے کوئی فنڈز جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جنوبی اضلاع کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے اربوں روپے کے فنڈز جاری ہونے سے عوام کو سہولیات میسر ہوں گی۔ اقتصادی راہداری چین اور پاکستان کی بے مثال دوستی کا مظہر ہے، جس کی تکمیل سے جنوبی اضلاع کے عوام کا معیار زندگی بھی بلند ہو جائے گا۔ صوبے میں اگلی حکومت جے یو آئی (ف) کی ہوگی۔ عوام انٹرنیٹ پر ترقی کے دعوے کرنے والوں کو صوبے سے نکال باہر کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی (ف) کے ملک نیاز خان کی زیر قیادت وفد سے ملاقات اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے اعظم خان درانی، ضلع ناظم بنوں عرفان درانی، ڈسٹرکٹ کونسلر ملک شکیل خان، ڈسٹرکٹ کونسلر سوکڑی سید کمال شاہ، تحصیل کونسلر انجنیئر ملک شاہ فہد خان شاکر محسود سمیت دیگر مشران اور پارٹی عہدیدار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پانامہ لیکس پر وقت ضائع کر رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اُن کی کارکردگی صفر جبکہ مرکز کے خلاف دھرنے دے رہے ہیں۔ صوبائی حکومت نے ساڑھے تین سال میں جنوبی اضلاع کیلئے ایک روپے کا فنڈز بھی نہیں دیا، جبکہ وفاق نے ہمیں اربوں روپے کی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی، جسکے کے باقاعدہ طور پر ٹینڈر بھی جاری کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بنوں انٹرنیشنل ائیرپورٹ سمیت بنوں کی مزید یونین کونسلوں کو قدرتی گیس کی فراہمی، باران ڈیم اپ ریریزنگ اور کرم گڑھی پاور ہاؤس کی اپ گریڈیشن جیسے منصوبوں سے عوام کے دیرینہ مسائل حل ہونگے، جبکہ جنوبی اضلاع میں نئی سڑکوں کی تعمیر سے خطے کی عوام کی تقدیر بدل جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے پسماندہ اضلاع کو ترجیح دیکر ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لانے کیلئے کوشاں ہے، عوام کو پتہ ہے کہ کون ترقی کے دشمن اور کون ملک کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔ انہوں کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) ملک کے اندر کسی بھی غیر آئینی اور غیر قانونی بلوں کی حمایت نہیں کریں گے۔ جے یو آئی ملک کی ترقی کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بنوں میں تمام ترقیاتی منصوبوں پر تحریک انصاف حکم امتناعی لیکر قوم کو ترقی کے ثمرات سے محروم رکھنے کی ذمہ دار ہے، وہ خود تو کچھ کر نہیں سکتی، دوسروں کو بھی کچھ نہیں کرنے دے رہی۔ بنوں کی ترقی میں رکائوٹ ڈالنے والوں کا محاسبہ کریں گے اور اُن کو آئندہ عام انتخابات میں عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن جمعیت علماء اسلام (ف) کے زیر اہتمام صد سالہ تقریبات کیلئے گھر گھر مہم چلائیں، کیونکہ جمعیت علماء دیوبند کا تسلسل اور اکابرین کی جماعت ہے، صد سالہ تقریبات میں لاکھوں عوام کی شرکت سے ثابت کریں گے کہ جے یو آئی (ف) ایک مضبوط سیاسی اور مذہبی قوت ہے۔
خبر کا کوڈ : 601951
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش