0
Sunday 22 Jan 2017 22:27

سابقہ پارٹی سے اب تعلقات کی باتیں پرانی ہوچکی ہیں، عشرت العباد خان

سابقہ پارٹی سے اب تعلقات کی باتیں پرانی ہوچکی ہیں، عشرت العباد خان
اسلام ٹائمز۔ فاؤنڈر اور چیئرمین رضوان جعفر کی قیادت میں یوتھ پارلیمنٹ کے وفد نے طویل مدت تک گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے والے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان سے دبئی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر یوتھ پارلیمنٹ کی جانب سے سابق گورنر سندھ کو طویل مدت تک صوبے کی گورنر کی حیثیت سے خدمت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ دونوں جانب سے باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سابق گورنر نے صوبے کی عوام کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے بہتر حالات کے لئے دعا کی۔ عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ سابقہ پارٹی سے اب تعلقات کی باتیں پرانی ہوچکی ہیں، گورنر شپ کا حلف اٹھانے کے بعد ایم کیو ایم سے تعلق تکنیکی اعتبار سے ختم ہوچکا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے ان کی پارٹی میں شمولیت کی دعوت ہے، تاہم پیپلز پارٹی سمیت کسی بھی سیاسی پارٹی کو جوائن کرنے یا ان کے لئے کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، تاہم اگر وقت ملا تو کتاب لکھنے کی کوشش کروں گا اور کتاب کا نام "جو میں نہ کہہ سکا" رکھوں گا۔ پی ایس پی کے رہنما مصطفیٰ کمال کی جانب سے لگائے گئے الزامات سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہر چیز کی حد ہوتی ہے، کوشش کی تھی کہ مصطفیٰ کمال کی باتوں کا جواب نہ دوں، لیکن کچھ باتیں حد سے گزر جائیں تو جواب دینا لازمی ہوجاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد کی سیاست کا خاتمہ ممکن نہیں، اس کا پتہ الیکشن میں لگنے والا ہے۔ سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ چودہ برسوں کی گورنر شپ میں جہاں اچھے اور مخلص دوست بنے، وہیں کچھ چھپے اور کچھ کھلے دشمن بھی سامنے آئے۔ کراچی سمیت سندھ بھر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں کافی حد تک بہتری آئی ہے، جس کا سہرا پاک فوج سمیت رینجرز اور پولیس کو جاتا ہے، تاہم مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے، کراچی میں لوکل گورنمنٹ کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے شہر میں لوکل گورنمنٹ کو مکمل اختیارات حاصل ہونے چاہیئے تاکہ اس کے ثمرات عوام الناس تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے موجودہ وزیراعلیٰ سندھ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات کے لئے صوبائی حکومت کو وفاقی اداروں کے ساتھ تعلقات بہتر رکھنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 602599
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش