0
Wednesday 25 Jan 2017 23:11

مکمل یکجہتی سے ہر فتنے کی سرکوبی کریں گے، ناصر خان جنجوعہ

مکمل یکجہتی سے ہر فتنے کی سرکوبی کریں گے، ناصر خان جنجوعہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستانی ایک عظیم، غیرت مند اور شیر دلیر قوم ہے جس نے تمام مشکلات کا حوصلے، ہمت اور تدبر سے مقابلہ کیا ہے۔ پاکستان مشکل اور کڑے وقت سے نکلنے والا ہے۔ مکمل یکجہتی اور ملکر مسائل کا حل نکالیں گے اور ہر فتنے کی سرکوبی کریں گے۔ وہ تین روزہ قومی نمائش کے دوسرے روزہ نیشنل آرٹ گیلری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس نمائش کا اہتمام قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن نے نیشنل بک فاﺅنڈیشن (این بی ایف) کے اشتراک سے کیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا کہ خطاطی کے فن کی ترویج کے لئے ادارہ قائم کیا جائے گا۔ اسلامی ممالک کے ساتھ فن خطاطی کے شعبے میں اشتراک عمل کریں گے تاکہ یہ عظیم اسلامی فن نوجوان نسل کو منتقل ہو۔ انہوں نے کہاکہ مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ بذات خود ایک بہت اچھے خطاط ہیں اور ان کے تخلیق کردہ فن پارے بھی نمائش میں رکھے گئے ہیں جس سے وہ اس قبیلے کا بھی حصہ بن گئے ہیں۔ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے قومی نمائش کے انعقاد پر عرفان صدیقی اور ان کی وزارت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ان کے اقدامات علم و ادب اور اسلامی فنون کے فروغ کا ذریعہ بن رہے ہیں جو نہایت مستحسن ہے۔

ناصر خان جنجوعہ نے کہاکہ خطاط اپنے فن کے ذریعے اللہ رب العزت سے جڑے رہتے ہیں۔ اللہ تعالی ہماری اس خطاطی کو اپنی عبادت کے طور پر قبول فرمائے۔ انہوں نے کہاکہ نائن الیون کے بعد سے ہم برسر پیکار ہیں۔ کتنے ہی عزیز اور پیاروں کی عظیم قربانی دے چکے ہیں۔ ہماری قوم نے مشکل اور کڑا وقت دیکھا ہے جس سے اب نکلنے والے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر باعث خوشی ہے کہ تمام تر مشکلات کے باوجود ہماری قوم نے اپنی تہذیب، تمن، رواجوں اور کلچر کو زندہ رکھا ہے۔ یہ صرف ایک زندہ قوم ہی کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی بہت غیرت مند، شیروں اور دلیروں کی قوم ہے۔ ہم نے ہر وار چھاتی پر برداشت کیا ہے۔ پوری قوم مکمل یکجہتی سے اپنے سامنے آنے والی ہر مشکل پر غالب آئے گی، ہم نے ملکر مسائل کو حل کرنا ہے اور تمام فتنوں کو شکست دینی ہے۔ جنرل ناصر جنجوعہ نے نمائش میں حصہ لینے والے اہل فن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے فن سے پاکستان کی یکجہتی، ہماری تہذیب، ثقافت، کلچر اور روایات کے فروغ میں اپنا گرانقدر حصہ ڈال رہے ہیں۔

اس موقع پر مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کے ہمراہ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے نمائش میں رکھے گئے فن پاروں کو دیکھا اور خطاطوں سے فرداً فرداً ملے اور ان کے کام کی تعریف کی۔ اس تین روزہ کانفرنس کا افتتاح صدرمملکت ممنون حسین نے 24 جنوری کو کیا۔ نمائش میں ملک بھر سے پچاس خطاطوں کے ڈیڑھ سو سے زائد فن پارے رکھے گئے ہیں۔ مسجد نبوی ﷺ میں خطاطی کی سعادت حاصل کرنے والے استاد شفیق الزمان کے علاوہ عبدالعزیز اعوان، ضیاءالرحمن، عبدالرزاق رازی، رشید بٹ، رخسانہ محمود، عبدالرحمن عبدہ، سیماب ناصر سمیت دیگر خطاطوں کے فن پارے نمائش میں رکھے گئے ہیں۔ نوجوان خطاطوں کے لئے الگ گوشہ مختص کیا گیا ہے۔ نمائش میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی اسلامی تاریخ، آرٹ اور کلچر کے فروغ کے لئے تنظیم (آئی آر سی آئی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد ایرن نے بھی حصہ لیا جو ترکی سے اس نمائش کے لئے آئے۔ نمائش جمعرات کو اختتام پزیر ہوگی جس کے مہمان خصوصی صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان ہوں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 603513
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش