0
Monday 30 Jan 2017 22:03

2013ء کے انتخابات نے سیاست اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے، لیاقت بلوچ

2013ء کے انتخابات نے سیاست اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکمران خاندان سمیت حکومتی پارٹی کا کردار سب پر واضح ہو گیا ہے۔ وزیراعظم اور ان کے خاندان کا احتساب ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے اور پانامہ لیکس کے دیگر کرداروں کو بھی کٹہرے میں کھڑا کر کے ان سے قوم کی دولت واپس لی جائے۔ کرپشن کے نیٹ ورک کا ذمہ دار مقتدر طبقہ ہے جس نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ پانامہ لیکس نے لٹیروں کے چہروں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ امید ہے سپریم کورٹ جلد قومی مجرموں کو سامنے لے آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری کارکنان کی پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات نے سیاست اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے، ان انتخابات میں جو لوگ منتخب ہو کر اسمبلیوں میں پہنچے ہیں ان میں بڑی تعداد میں وہ لوگ ہیں جن کے نام پانامہ، دبئی اور لندن لیکس میں ہیں یا انہوں نے قومی بنکوں سے قرضے لے کر ہضم کر لیے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر تعجب کا اظہار کیا کہ حکومتی پارٹی سی پیک کے قومی منصوبے کو 2018ء کے انتخابات کے لیے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کر رہی ہے، حالانکہ یہ منصوبہ موجودہ حکومت کے آنے سے پہلے بن چکا تھا اور اس کی تکمیل کی مدت 20 /25 سال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے اس عظیم منصوبے کو اپنی سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جھولی اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے شکنجے سے نکل کر ہم سی پیک جیسے گیم چینجر منصوبے میں گئے ہیں۔ اب ہمیں اس منصوبے کو متنازع بنانے کی بجائے اس پر صوبوں کے تحفظات کو دور کر کے اسے خطے کی ترقی و خوشحالی کا ضامن بنانا ہوگا۔ گوادر کے مچھیروں کے روزگار اور کشتی و جہاز رانی کی صنعت کو بھی تباہی سے بچانا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 605015
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش