1
Wednesday 1 Feb 2017 08:55

حافظ سعید کو ملکی سلامتی کے مفاد میں نظر بند کیا گیا ہے، ترجمان پنجاب حکومت

حافظ سعید کو ملکی سلامتی کے مفاد میں نظر بند کیا گیا ہے، ترجمان پنجاب حکومت
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت نے بھی حافظ سعید کی نظر بندی کو وفاقی حکومت کا معاملہ قرار دے دیا ہے۔ جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو سیکنڈ شیڈول میں شامل اور ان کے سربراہ حافظ سعید کو 3 ماہ کیلئے نظر بند کیے جانے کے حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے کہا ہے کہ اس معاملہ پر وزارت داخلہ اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے بھی بیانات جاری ہو چکے ہیں اور اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ حافظ سعید کو ملکی سلامتی کے مفاد میں نظر بند کیا گیا ہے۔

ملک احمد خان نے کہا کہ اس سے قبل 2002 میں حافظ سعید کو بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ کروانے کے الزام میں بھی نظر بند کیا گیا تھا۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق اس وقت بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر ٹھوس شواہد نہ ہونے پر حافظ سعید کی نظر بندی کے احکامات کو معطل کر دیا گیا تھا۔ ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ 2008 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جانب سے جماعت الدعو پر پابندیاں لگائیں جن کا اطلاق پاکستان پر ہوتا ہے اس کے علاوہ 2014 میں امریکا نے جماعت الدعوۃ کو دہشتگرد تنظیم قرار دیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت حافظ سعید نے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کا جماعت الدعوۃ کیساتھ کوئی تعلق نہ ہونے کا موقف پیش کیا جبکہ دوسری جانب ممبئی حملوں میں بھی حافظ سعید کی جماعت پر الزام تراشی کی گئی لیکن اس معاملے پر بھی بھارت جماعت الدعوۃ کیخلاف ٹھوس ثبوت فراہم نہ کر پایا۔ حافظ سعید کی حالیہ نظر بندی کے حوالے سے ملک احمد خان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اس معاملے میں وزارت داخلہ کے فیصلے کی تکمیل کرتے ہوئے پولیس مہیا کی تاہم اس معاملے پر بہتر معلومات وزیر داخلہ یا ترجمان وزارت داخلہ ہی مہیا کر سکتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ حافظ سعید کی نظر بندی انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت کی گئی ہے تاہم اس عمل کو عدالت میں چیلنج کیا گیا تو عدالت کا فیصلہ تسلیم کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے میڈیا بریفنگ کے دوران اس معاملے پر کہا ہے کہ حافظ سعید کی نظر بندی ریاستی اداروں کا فیصلہ ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز حکومت پنجاب نے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کو نظر بند کرنے کے احکامات جاری کرنے کے بعد مرید کے میں ان کی جماعت کے مرکز کے باہر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 605385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش