0
Monday 6 Feb 2017 12:22

25 سال جلاوطنی کے بعد وطن واپس پہنچنے والے متحدہ رہنما سلیم شہزاد کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار

25 سال جلاوطنی کے بعد وطن واپس پہنچنے والے متحدہ رہنما سلیم شہزاد کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی رہنماؤں میں شمار ہونے والے سلیم شہزاد کو 25 سال کی خودساختہ جلاوطنی کے بعد وطن لوٹنے پر گرفتار کر لیا گیا۔ کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد امیگریشن حکام نے سلیم شہزاد کا پاسپورٹ ضبط کر لیا، جس کے بعد پولیس نے انھیں اپنی تحویل میں لیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راؤ انوار نے تصدیق کی کہ سلیم شہزاد کو کراچی ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا۔ راؤ انوار کے مطابق سلیم شہزاد کو ڈاکٹر عاصم کیس سمیت دیگر مختلف مقدمات میں مطلوب ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ سلیم شہزاد کے وطن پہنچنے سے قبل ہی ان کی گرفتاری کی چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں جب کہ انہوں نے خود بھی ایئرپورٹ پر اترتے ہی اپنی گرفتاری کے خدشات ظاہر کئے تھے۔ یاد رہے کہ سلیم شہزاد 1992ء میں ریاستی اداروں کی جانب سے ایم کیو ایم کے خلاف کئے جانے والے آپریشن کے بعد خود ساختہ جلاوطنی اختیار کئے ہوئے تھے اور گزشتہ 25 برس سے برطانوی شہر لندن میں رہائش پذیر تھے۔ گزشتہ برس اگست میں ایم کیو ایم لندن کے بانی الطاف حسین کی جانب سے اشتعال انگیز اور پاکستان مخالف تقریر کئے جانے کے بعد متحدہ کے پاکستان میں موجود سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے الطاف حسین سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، اس طرح ایم کیو ایم کے 2 دھڑے بننے اور رہنماؤں کے تقسیم ہونے کے باوجود سلیم شہزاد نے خود کو کسی بھی دھڑے میں شامل ہونے سے الگ رکھا تھا۔ رپورٹ کے مطابق سلیم شہزاد دبئی سے نجی پرواز ای کے 600 کے ذریعے پیر 6 فروری کی صبح 11 بجے کے قریب کراچی ایئرپورٹ پر پہنچے۔ سلیم شہزاد نے وطن روانگی سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیر کی صبح وطن روانہ ہونے کے حوالے سے ٹوئیٹ بھی کی تھی۔

ذرائع کے مطابق وطن پہنچنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ 'انہیں کہا گیا کہ ایئر پورٹ سے باہر نکلتے ہی انھیں گرفتار کرلیا جائے گا، مگر انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا تو انہیں گرفتار کیوں کیا جائے گا'؟ سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے تمام دھڑے ان سے رابطے میں ہیں، مگر ان کا تعلق سب سے پہلے پاکستان سے ہے۔ سلیم شہزاد نے تاحال کسی بھی دھڑے میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا، تاہم وطن پہنچنے سے قبل ہی اس حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں تھیں کہ وہ متحدہ کے باغی رہنماؤں کی جماعت پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) میں شمولیت اختیار کریں گے۔ سلیم شہزاد کی پی ایس پی میں شمولیت سے متعلق چہ مگوئیاں ہونے کے بعد پاک سر زمین پارٹی نے ان کی شمولیت کی تردید کی ہے۔ پی ایس پی ترجمان افتخار عالم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'میں 200 فیصد یقین دلاتا ہوں کہ سلیم شہزاد پی ایس پی میں شامل نہیں ہو رہے'۔ افتخار عالم کا مزید کہنا تھا کہ سلیم شہزاد کا کراچی کی سیاست میں کوئی کردار نہیں ہے، ان کی پی ایس پی میں شمولیت کی تردید کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 606918
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش