0
Wednesday 3 Jun 2009 09:29

ملک کو امریکی عزائم سے بچانے کیلئے مذہبی ہم آہنگی ضروری ہے،منور حسن

ملک کو امریکی عزائم سے بچانے کیلئے مذہبی ہم آہنگی ضروری ہے،منور حسن
کراچی : امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ مذہبی اور دینی سوچ رکھنے والے لوگوں میں ہم آہنگی کی ضرورت ہے تاکہ ہم سب مل کر اپنے پاک وطن کو امریکا کے ناپاک عزائم سے بچا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات خراب کرنے میں بھارت کا بہت بڑا ہاتھ ہے لیکن ہمارے حکمران بھارت کا نام لینے سے شرماتے ہیں۔ سید منور حسن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں صحافیوں کو جانے دیا جائے تا کہ عوام کو حقائق سے آگاہی حاصل ہو کیونکہ عوام کو آئی ایس پی آر کی اطلاعات پر قطعی بھروسہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل اور مشکلات کی جڑ امریکا ہے۔ ” گو امریکا گو “ مہم میں بھرپور محنت کی ضرورت ہے تاکہ اس کے ذریعے ہم حکمرانوں پر امریکی غلامی سے نجات کیلئے دباؤ ڈال سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور تمام شعبوں کے ناظمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ اسد اللہ بھٹو، جنرل سیکرٹری صوبہ سندھ راشد نسیم، امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی اور جنرل سیکرٹری حافظ نعیم الرحمان بھی موجود تھے۔ سید منور حسن نے کہا کہ صوبہ سرحد خصوصاً مردان کے لوگوں نے انصار مدینہ کی سنت ادا کی ہے اور وہاں ہمارے کارکنان کی بڑی تعداد متاثرین کی خدمت پر مامور ہے۔ انہوں نے ذمہ داران کو تلقین کی کہ گو امریکا گو مہم کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنایا جائے تاکہ ہمیں امریکی غلامی سے نجات مل سکے۔ محمد حسین محنتی نے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن پاک کو درپیش بحران سے نکالنے کیلئے جماعت اسلامی کی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں قائم کردہ کیمپوں کے ذریعے متاثرین کیلئے فنڈز بھی جمع کریں اور گو امریکا گو مارچ کی تشہیر کا کام بھی کریں۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کراچی، گو امریکا گو ،مارچ کے حوالے سے 5 جون کو ایک سی ڈی بھی ریلیز کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 6073
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش