0
Wednesday 8 Mar 2017 10:10

پنجاب کی تمام داخلی و خارجی چیک پوسٹوں کو اپ گریڈ کر دیا گیا

پنجاب کی تمام داخلی و خارجی چیک پوسٹوں کو اپ گریڈ کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ پنجاب پولیس نے دہشتگردی کی تازہ لہر کے پیش نظر آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کی ہدایت پر صوبے کی داخلی اور خارجی پولیس چیک پوسٹوں پر سکیورٹی پلان کو ازسرنو ترتیب دیدیا ہے۔ ضلع میانوالی کی بارڈر چیک پوسٹوں پر 348 پولیس افسران کو تعینات کر دیا ہے جو شفٹ سسٹم کی بنیاد پر 24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ میانوالی میں مجموعی طور پر 6 دریائی چیک پوسٹوں، 5 بارڈر پولیس چیک پوسٹوں اور 6 بین الاضلاعی چیک پوسٹوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ ان تمام چیک پوسٹوں کو آئی ٹی کی سہولیات سے لیس کرتے ہوئے ڈیوٹی سرانجام دینے والے عملے کو جدید اسلحہ فراہم کیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کیلئے تاریکی میں دیکھنے والے نائٹ ویژن کیمرے لگائے گئے ہیں۔

چیک پوسٹوں پر انٹرنیٹ کی بلاتعطل فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے جبکہ اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف ویب سسٹم سے ہر آنے جانیوالی گاڑی کا ڈیٹا چیک کرکے چوری شدہ، چھینی گئی اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی آمدورفت کو ختم کر دیا گیا ہے۔ ان چیک پوسٹوں کے سسٹم کو ملک بھر کے اشتہاریوں اور جرائم پیشہ افراد کے ڈیٹا سے منسلک کر دیا گیا ہے اور بائیو میٹرک نظام کیساتھ سمارٹ ویریفیکیشن الرٹ سسٹم کے ذریعے آنیوالے ہر شہری اور گاڑی کی چیکنگ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان اقدامات سے بین الصوبائی چوری شدہ گاڑیوں، اسلحے، منشیات کی نقل و حرکت، دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد کی آمدورفت تقریباََ نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔ ضلع کی تمام دریائی چیک پوسٹوں پر گشت کیلئے تیز رفتار کشتیاں موجود ہیں جبکہ پرائیویٹ بوٹ آپریٹرز کو رجسٹر کرتے ہوئے سفر کرنیوالے مسافروں کے ریکارڈ کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

ضلع میں پٹرولنگ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے سٹی، صدر، کندیاں، پپلاں، موچھ، داؤد خیل، کالا باغ، واں بچھراں، عیسی خیل اور کمر مشانی کے تھانوں میں 110 پولیس آفیسرز پر مشتمل ڈولفن سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے جس سے شہر میں سٹریٹ کرائم میں خاطر خواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق علی ڈوگر کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی سرحد پر واقع میانوالی انتہائی حساس ضلع ہے جس کی 100 کلومیٹر پر محیط سرحد خیبر پختونخواہ کے چار اضلاع کوہاٹ، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان سے ملتی ہے اس لئے ضلع میں سکیورٹی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرکے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 616035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش