0
Sunday 12 Mar 2017 10:36
افغانستان نے پاکستان کو منانے کیلئے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کر دیئے

افغانستان کا پاکستان میں موجود اپنے ہمدردوں کی خدمات لینے کا فیصلہ

افغانستان کا پاکستان میں موجود اپنے ہمدردوں کی خدمات لینے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث سب سے زیادہ نقصان افغانستان کا ہو رہا ہے جس کے باعث اب افغان حکومت پریشانی کا شکار ہو گئی ہے اور پاکستان کو منانے کیلئے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اب افغان حکومت کو احساس ہو گیا ہے کہ وہ پاکستان کے تعاون کے بغیر نہیں چل سکتی یہی وجہ ہے کہ افغان حکومت نے پاکستان میں موجود اپنے ہمدردوں کی خدمات لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حوالے سے افغان سفارتکار ڈاکٹر عمر زخیوال نے جمیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے پاک افغان تناؤ کم کرنے اور فاٹا کو الگ صوبہ بنوانے کیلے مولانا فضل الرحمان کی مدد مانگی ہے۔ ذرائع کے مطابق افغان سفیر اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں مختلف موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر افغانستان میں جاری جنگ کے دوران مسلمانوں کے ہاتھوں مسلمانوں کو مارنے کے حوالے سے بھی بات کی گئی۔ ملاقات کے دوران پاک افغان کشیدہ تعلقات اور اس صورتحال کو ختم کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان سفارتکار ڈاکٹرعمر زخیوال نے کہا کہ ملاقات میں اس موضوع پر بھی بات ہوئی کہ مولانا فضل الرحمان کیسے پاک افغان تعلقات میں بہتری لانے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ باوثوق ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ افغان سفارتکار نے مولانا فضل الرحمان کو یہ ٹاسک بھی دیا ہے کہ وہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کیخلاف مہم تیز کر دیں اور فاٹا کو الگ صوبہ قرار دلوائیں تاکہ فاٹا میں افغان نواز حکومت قائم کرکے سرحدی تناؤ کو ختم کیا جا سکے اور پختون دونوں اطراف آسانی سے آ جا سکیں۔ واضح رہے یہ ملاقات ایسے موقع پر ہوئی جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 617394
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش