0
Wednesday 15 Mar 2017 17:43

پاکستان اور ایران اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، گورنر سندھ محمد زبیر

پاکستان اور ایران اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، گورنر سندھ محمد زبیر
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ محمد زیبر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ محمد زیبر سے ایران کے نئے قونصل جنرل احمد محمدی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سماجی شعبے کی ترقی میں ایران کے مزید تعاون سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زیبر نے کہا کہ پاکستان اور ایران اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں، قدرتی آفات میں ایران نے سب سے پہلے امدادی کام انجام دئیے ہیں۔ ملاقات میں ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عوام اور حکومت پاکستان کو بہت زیادہ ترجیح دیتے ہیں، سندھ کی ترقی کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کے انیسویں اجلاس کے موقع پر یہ حتمی فیصلہ کیا گیا تھا کہ دونوں ممالک اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان اور ایران نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے باہمی مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط کرکے اپنے تعلقات کو مزید استوار بھی کر رکھا ہے۔

پاکستان اور ایران کے تعلقات کا مختصر پس منظر
یاد رہے کہ 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں ایران نے پاکستان کی بھرپور مدد کی، جبکہ اقوام متحدہ کے فورم میں بھی ایران نے پاکستان کا ساتھ دیا، 1971ء میں شاہِ ایران نے سقوط ڈھاکہ کے بعد پاکستان کا دورہ کرکے پاکستانی قوم کے دکھوں پر مرہم رکھنے کی کوشش کی۔ بنگلہ دیش کو بھی ایران نے اس وقت تسلیم کیا، جب پاکستان نے اسے تسلیم کیا، اس کے علاوہ کشمیر کا مسئلہ جب بھی اقوام متحدہ میں پیش ہوا ہے، ایران نے ہمیشہ پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 618504
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش