0
Saturday 15 Apr 2017 20:42

مردان، مشال خان قتل میں گرفتار 8 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیئے گئے

مردان، مشال خان قتل میں گرفتار 8 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیئے گئے
اسلام ٹائمز۔ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں طالبعلم مشال خان کے قتل کے الزام میں گرفتار 8 ملزموں کو انسداد دہشتگردی مردان کی عدالت میں پیش کر دیا گیا، جبکہ مقتول مشال خان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی پولیس کو موصول ہوگئی ہے۔ گرفتار ملزمان کو سخت سکیورٹی میں عدالت لایا گیا، ملزمان میں یونیورسٹی کے 3 ملازمین اور ایک پی ٹی آئی کا تحصیل ممبر بھی شامل ہے، عدالت میں پیشی کے دوران پولیس نے عدالت سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی، جس کو منظور کرتے ہوئے فاضل عدالت نے انہیں 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کر دیا۔ دوسری جانب عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں ایف سی اور پولیس کے بھاری دستے تعینات کر دیئے ہیں جبکہ یونیورسٹی میں تلاشی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول مشال خان کے کمرے کی بھی تلاشی لی گئی ہے، تاہم اس کے کمرے سے توہین رسالت کے حوالے سے کوئی مواد برآمد نہ ہوسکا۔ مقتول مشال خان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتول مشال خان کو تشدد سے قبل 2 گولیاں ماری گئیں اور اس کی موت گولی لگنے سے واقع ہوئی، تاہم تشدد کے دوران مشال خان زندہ تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں اجمل مایار، نصراللہ، انیس، وجاہت، عمران، فرہان، شعیب اور مجیب اللہ شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 627981
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش