0
Monday 4 Apr 2011 12:09

سخی سرور مزار بم دھماکے،جاں بحق افراد کی تعداد 49 ہو گئی، راولپنڈی سے کالعدم تنظیم کے 3دہشت گرد گرفتار

سخی سرور مزار بم دھماکے،جاں بحق افراد کی تعداد 49 ہو گئی، راولپنڈی سے کالعدم تنظیم کے 3دہشت گرد گرفتار
ڈیرہ غازی خان:اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ غازی خان میں حضرت سخی سرور کے مزار پر ہونے والے بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد انچاس ہو گئی۔ دہشت گردی کا مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر سیل کر دی گئی۔ اتوار کی شام پانچ بجے کے قریب ڈیرہ غازی خان سے چالیس کلومیٹر دور دربار سخی سرور پر عرس کی تقریبات جاری تھیں کہ دربار کے مرکزی دروازے اور ملحقہ گراوٴنڈ میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے۔ جن میں انچاس افراد جاں بحق اور اسی سے زائد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے دھماکوں کو خودکش قرار دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق یکے بعد دیگر کئی دھماکے ہوئے، جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا۔ 
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ خودکش حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس سے ایک دستی بم اور خودکش جیکٹ برآمد کی گئی ہے۔ رکن پنجاب اسمبلی دوست محمد کھوسہ کا کہنا ہے کہ دربار پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف آج دوپہر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈیرہ غازی خان میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کریں گے۔ واقعے کی ایف آئی آر تھانہ سخی سرور میں درج کر لی گئی ہے اور اسے سیل کر دیا گیا ہے۔
جاں بحق ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق فیصل آباد، میلسی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، وہاڑی اور بالائی پنجاب کے دیگر علاقوں سے ہے جن کی میتیں آبائی علاقوں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔ جبکہ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جب تک ایک بھی زخمی موجود ہے کام جاری رکھیں گے۔ آر پی او احمد مبارک اور ڈی پی او تصدق حیات نے بتایا کہ گرفتار کئے گئے زخمی خودکش حملہ آور سے دوران تحقیق مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
ادھر راولپنڈی میں کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں پولیس نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گرد گرفتار کر لیے۔ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں نصیح اللہ، مطیع جان اور عبداللہ شامل ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں سے ڈیرہ غازی دھماکوں سے متعلق پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 63035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش