0
Saturday 27 May 2017 19:26

حکمران آخری سال بھی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے ہیں، ناصر شیرازی

حکمران آخری سال بھی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے ہیں، ناصر شیرازی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر شیرازی کا لاہور میں تقریب سے خطاب میں وفاقی حکومت کی طرف سے پیش کیے جانیوالے بجٹ پر کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے اعداد و شمار کے گورگھ دھندوں میں پھنسا دیا ہے، وفاقی بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبے کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے، سرکاری ملازمین کے تنخواہوں میں موجودہ زبوں حالی اور ہوشربا مہنگائی کے تناسب سے اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے، حکمران اپنے آخری سال میں بھی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے۔ انہوں نے بجٹ کو اعداد و شمار کا ہیر پھیر اور ملک کے متوسط طبقے کی مشکلات میں ناقابل برداشت اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ انتہائی مایوس کن ہے، مہنگائی کے موجودہ تناسب سے مطابقت نہ رکھنے والا یہ بجٹ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت کی داخلی اور خارجی پالیسیوں کی طرح اقتصادی معاملات بھی صلاحیتوں کے فقدان کی نذر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کیلئے بجٹ میں مختص کی جانیوالی انتہائی کم رقم پاکستان کے مستقبل کے بارے حکومت کی غیر سنجیدگی اور عدم دلچسپی کا اظہار ہے، پاکستان ایک زرخیز ملک ہے لیکن زراعت کے میدان میں حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث بھرپور استفادہ کرنے سے قاصر رہے ہے، حکومت کی ناکام تجارتی پالیسیوں اور وطن عزیز میں عدم استحکام کی صورتحال نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان سے دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا، غیر ملکی قرضوں میں مزید اضافہ ہوا پاکستان کا کثیر سرمایہ غیر قانونی طریقہ سے ملک سے باہر منتقل کیا گیا جس سے ملکی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نئی صنعتوں کے قیام میں بُری طرح ناکام رہی، کسی بھی ملک کی ترقی میں انڈسٹری کو اقتصادی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہوتی ہے، صنعتوں کے قیام میں نواز لیگ حکومت کی دانستہ عدم دلچسپی ایک مجرمانہ فعل اور قوم سے خیانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان طبقے کو ملازمتوں کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس سے عام شہریوں کی مایوسی میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے بجٹ کا انحصار سی پیک منصوبے پر کرنے کی بجائے ملکی ترقی و استحکام کیلئے زرعی خوشحالی اور صنعتوں کے فروغ کی طرف توجہ دی جانے کی اشد ضرورت ہے، کسی بھی ملک کے نوجوان وہاں کا اثاثہ اور قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، نوجوانوں کو بہترین مستقبل دینے کیلئے جاندار پالیسیوں کا اجرا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا مہنگائی کے تناسب کے اعتباز سے مزدور کی تخواہ ایک تولہ سونے کے برابر ہو چاہیئے، وفاقی حکومت کی اصل ترجیحات سڑکوں اور پلوں کی تعمیرات کے نام پر کمیشن مافیا کو نوازنا مقصود ہے، تھر، کے پی کے، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں غریب عوام کو پینے کی پانی سے لے کر بجلی، صحت کے بنیادی ضروریات، تعلیمی سہولیات تک میسر نہیں، اس بجٹ میں امرا ء کو نوازا گیا ہے، نواز لیگ کا حالیہ بجٹ بھی سابقہ ادوار کی طرف مزدور کُش ہے، ائیرکنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر بجٹ تیار کرنیوالوں کو عام آدمی کے رہن سہن کا اندازہ نہیں۔
خبر کا کوڈ : 640976
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش