0
Thursday 8 Jun 2017 00:14

لیہ، تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 5 روزہ دروس عرفان القرآن کا آغاز

لیہ، تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 5 روزہ دروس عرفان القرآن کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن لیہ کے زیراہتمام سالانہ پانچ روزہ دروس عرفان القرآن کا آغاز ہوگیا، یہ پروگرام روزانہ نماز فجر کے فوراً بعد شروع ہوگا، دروس قرآن کا پہلا پروگرام آج منعقد ہوا، جس سے نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ پروگرام میں خواتین، مرد، بچے، بوڑھے اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ علامہ رانا محمد ادریس قادری نے دروس قرآن کی پہلی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زکوٰۃ اور صدقات و خیرات صرف مالی قربانی کا نام نہیں بلکہ ایک جذبے کا نام ہے، جسے بجا طور پر قرب الٰہی اور رضائے مصطفیٰ (ص) کا موجب قرار دیا گیا ہے۔ اسلام نے زکوٰۃ کی صورت میں اجتماعی بھلائی اور معاشرتی فلاح و بہود کا ایک جامع نظام انسانیت کو دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زکوٰۃ کے ساتھ ساتھ اسلام میں نفلی صدقات و خیرات کی حد درجہ ترغیب بھی دی گئی ہے تاکہ نہ صرف محنت و مشقت سے کمائے ہوئے مال و دولت کی حرص کم ہو بلکہ دوسروں کے دکھ درد کو اپنا سمجھنے والی تربیت کا عملی نمونہ بھی معاشرے میں نظر آئے اور صاحبان ثروت و متمول افراد زیادہ سے زیادہ افراد معاشرہ کی مالی معاونت کر کے ان کی محرومیوں کا ازالہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذریعے نظام زکوٰۃ و صدقات اور مخیر حضرات کے تعاون سے تعلیم، صحت اور فلاح عام کے منصوبہ جات پر کام کرکے نہ صرف معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کی طرف گامزن ہے بلکہ دنیا بھر کے پریشان حال اور افلاس زدہ لوگوں کی مدد کرنے میں بھی پیش پیش ہے۔ شرکاء دروس عرفان القرآن کی سہولت کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب اور خطابات کی سی ڈیز/ ڈی وی ڈیز کا سٹال لگایا گیا جس میں لوگوں نے گہری دلچسپی لی۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ پانچ روزہ دروس عرفان القرآن کو حتمی شکل دینے میں امیر تحریک منہاج القرآن لیہ غلام مصطفیٰ سعیدی، تحریک منہاج القرآن لیہ کے صدر سید سجاد شاہ گیلانی، ناظم تحریک منہاج القرآن لیہ شبیر بھٹی، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ لیہ حسنین رضا، جنرل سیکرٹری منہاج القرآن یوتھ لیگ لیہ ساجد عباس مٹوا، مہر مختیار احمد، طالب سہارن، شیخ طاہر سلمان، اسد شاہ، محمد زبیر، وقار احمد۔ منان حمید، زاہد منظور اور دیگر کارکنان نے بھرپور محنت کی۔  پروگرام کے آخر پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 644112
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش