0
Wednesday 5 Jul 2017 23:45

فرقہ واریت پاکستان کیلئے زہر قاتل ہے، ثروت اعجاز قادری

فرقہ واریت پاکستان کیلئے زہر قاتل ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ امن کے دشمنوں کو اتحاد و یکجہتی سے ناکام بنائیں گے، امن و امان کے دشمن ملک کے دشمن ہیں، ملک کو مستحکم اور معیشت کی ترقی کیلئے عوام، تاجروں، سیاسی و مذہبی جماعتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، اسرائیل کے ایجنٹ پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، را اور موساد کا گٹھ جوڑ خطے کے امن کیلئے خطرناک ہے، بھارت پاکستان مخالفت میں تمام حدیں پار کر رہا ہے، بھارت یاد رکھے کہ پاکستان کے عوام مر سکتے ہیں لیکن ملک پر آنچ آتی نہیں دیکھ سکتے، بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی پاک فوج پوری صلاحیت رکھتی ہے، ملک کے عوام دہشتگردی اور ملکی سلامتی کیلئے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں کراچی میں مرکز اہلسنت پر معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا پاکستان کے خلاف مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دین سے دوری کی وجہ سے آج مسلمان مصائب و آلام میں مبتلا ہیں، ایک اللہ، ایک رسول، ایک قرآن کے ماننے والوں کے اتحاد و یکجہتی کو ختم کرنے کیلئے اسلام دشمن طاقتیں سازش کر رہی ہیں، فرقہ واریت ملک کیلئے زہر قاتل ہے، حکومت فرقہ واریت کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے، پاکستان کی سلامتی کیلئے بانیان پاکستان کی اولادیں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگی، پاکستان کے دشمن پاکستان کی ترقی و خوشحالی سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہم نے صرف اور صرف پاکستانی ہو کر جدوجہد کرنی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہبی منافرت پھیلانے والے اللہ کے عذاب کو دعوت نہ دیں، مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دوست نہیں ہو سکتے۔
خبر کا کوڈ : 651133
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش