0
Thursday 6 Jul 2017 10:59

ایران نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی جانب تعاون کا ہاتھ بڑھا دیا

ایران نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی جانب تعاون کا ہاتھ بڑھا دیا
اسلام ٹائمز۔ خطے میں جاری دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے ایران نے پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنے کیلئے ہاتھ بڑھا دیا۔ ایران نے پاکستان کو پیغام بھیجا ہے جس میں دہشت گردی سمیت دیگر مسائل کیخلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ پیغام ایران کی خارجہ امور پالیسی اور نیشنل سکیورٹی آف دی نیشنل کنسلٹیٹیو اسمبلی آف ایران کے چیرمین علاؤالدین بروجردی کی جانب سے بھیجا گیا ہے۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ایران، پاکستان کیساتھ مل کر خطے میں جاری دہشتگردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے کام کرنے کا خواہشمند ہے۔ پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلم اُمہ کے مسائل حل کرنے میں پاکستان اور ایران مل کر اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، دونوں برادر ممالک مل کر مسلم اُمہ میں پائیدار امن قائم کرسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں موجود ایرانی سفارتخانے نے ایران کا پیغام پاکستان کی وزارت خارجہ کو پہنچا دیا ہے جس کے بعد دفترخارجہ نے ایرانی پیغام پر ردعمل دینے کیلئے قومی اسمبلی و سینٹ کی دفاع اور خارجہ کمیٹیوں کو بھیجوا دیا ہے جو اپنے اجلاسوں میں غور و فکر کے بعد جواب وزارت خارجہ کو دیں گی جسے پھر ایران کو بھجوا دیا جائے گا۔

دوسری جانب مبصرین نے ایران کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے ہمیشہ امت کے اتحاد کی بات کی ہے اور حالیہ پیغام سے بھی ثابت ہو گیا ہے کہ ایران امت مسلمہ کی وحدت کا خواہش مند ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایران کی اس پیشکش کا مثبت جواب دینا چاہیے کیونکہ پاکستان کی پالیسی ہی امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے کردار ادا کرنا ہے۔ مبصرین نے کہا کہ دہشتگردی عالمی مسئلہ ہے جو صرف امت مسلمہ کیخلاف کی جا رہی ہے، اس دہشتگردی سے نمٹنے کا واحد حل یہ ہے کہ تمام مسلم ممالک متحد ہو کر اس کا مقابلہ کریں۔ مبصرین نے اس حوالے سے سعودی عرب پر بھی زور دیا ہے کہ وہ امریکی اتحاد سے نکل کر اسلامی اتحاد میں شریک ہو۔
خبر کا کوڈ : 651189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش