0
Sunday 13 Aug 2017 23:36

پاکستان عظیم نعمت، حب الوطنی ہمارے ایمان کا جُز ہے، اصغریہ اسٹوڈنٹس

پاکستان عظیم نعمت، حب الوطنی ہمارے ایمان کا جُز ہے، اصغریہ اسٹوڈنٹس
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قمر عباس جتوئی نے 70 ویں جشن آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست تاریخ کا عظیم الشان دن ہے، جس روز اسلام کے نام پر پاکستان کے نام سے ریاست وجود میں آئی اور یہ واحد ریاست ہے، جس نے اسلام کے نام پر فتح و آزادی حاصل کی ہے، یہ وطن عزیز ہمارے لئے نعمت عظیم ہے کہ پاک سرزمین پہ ہم نے جنم لیا ہے، حب الوطنی ہمارے ایمان کا جُز ہے، بدقسمتی سے ملک میں تکفیری گروں نے گذشتہ کئی برسوں سے اس ملک میں امن و امان کو خراب کیا ہوا ہے، ہماری ملت کو یہ افتخار حاصل ہے کہ ہم نے قائداعظم کے شانہ بشانہ اس ملک کی تحریک آزادی چلائی، قربانیاں دی اور یہ عظیم الشان ملک حاصل کیا ہے، لیکن آج بھی ہم شہید ہو رہے ہیں، بستیاں اجاڑ دی گئی ہیں، مگر ہم نے ملک کی حفاظت میں کبھی کوتاہی نہیں کی۔ اپنے بیان میں قمر عباس جتوئی نے کہا کہ اصغریہ اسٹوڈنٹس وطن عزیز کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اپنا اولین فرض سمجھتی ہے۔

قمر عباس جتوئی نے کہا کہ پاکستان کو کرپٹ سیاستدانوں نے اقتصادی طور پہ بہت نقصان پہنچایا ہے، ملک کو کرپشن کی گہری کھائی میں گرانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب پاکستان کی سرزمین پر بیرونی ممالک کے خدمتگذار دہشتگرد حملہ آور ہیں، جو کبھی ہمارے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں پہ حملہ کرتے ہیں، تو کبھی عام شہریوں کو فرقہ پرستی میں لڑواتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے حامی اس ملک کو کبھی مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے، لہٰذا ان کی ہر سازش ملک کیلئے خطرہ ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اداروں کو دہشتگردوں اور محب وطن شہریوں میں تمیز کرنی چاہیئے، جس سے اس ملک میں دہشتگردوں کا صفایا ممکن ہے اور وطن عزیز ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، اور وہ حقیقی اسلامی ریاست قائم ہوگی، جس قائداعظم اور علامہ اقبال کا خواب تھا۔
خبر کا کوڈ : 660984
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش