0
Friday 25 Aug 2017 16:47
جن قوموں نے اپنی مشکلات کے حل کیلئے بدیسی نسخوں کو ترجیح دی ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں آیا

امریکہ سے نجات کا واحد حل اس کی امداد سے انکار ہے، شہباز شریف

اس امداد سے نجات حاصل کرنا ہو گی جس سے ہماری عزت نفس مجروح ہوتی ہے
امریکہ سے نجات کا واحد حل اس کی امداد سے انکار ہے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ زندہ اور باوقار قومیں اغیار کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے مسائل کا حل خود تلاش کرتی ہیں، کسی آزاد اور خودمختار قوم کے افراد کو کسی کی طرف سے یہ بتائے جانے کی ضرورت نہیں ہوتی کہ انہیں درپیش چیلنجز کی نوعیت کیا ہے اور یہ کہ ان چیلنجز سے عہدہ برآء ہونے کیلئے انہیں کونسا لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ اب پاکستان نہایت نرم الفاظ میں یہ کہتے ہوئے کہ ”ہم آپ کے شکر گزار ہیں“، امریکی امداد کا باب بند کر دے، یہی وہ طریقہ ہے جس سے پاکستانی قوم ان ہزیمت آمیز طعنہ آرائی سے بچ سکے گی، جس کا سامنا اسے اس وقت چہار اطراف سے کرنا پڑ رہا ہے، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کے عوام اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ وہ موقع ہے جس سے فائدہ اٹھا کر ہم اوروں سے منصفانہ اور باعزت سلوک کی امید رکھنے کیساتھ ساتھ عالمی امن اور خوشحالی کیلئے اپنا حصہ ڈالنے کے عزم پر کاربند بھی رہ سکیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے اپنی مشکلات کے حل کیلئے بدیسی نسخوں کو ترجیح دی ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں آیا، زندہ قوموں کے پاس چیلنجز کے ادراک کیلئے مطلوبہ دانش اور بصیرت بھی موجود ہوتی ہے اور وہ ان پر کامیابی سے قابو پانے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں، میں اپنے ہم وطن پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ انہیں اس وقت پاکستان کو درپیش جغرافیائی و سیاسی اور سکیورٹی چیلنجز کو قدرت کی طرف سے مہیا گیا ایک موقع سمجھنا چاہیے، اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم ایک حقیقی معنوں میں آزاد اور خودمختار پاکستان کے خدوخال کے تعین کے عمل کا آغاز کر سکتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ یہ وہ پاکستان ہے جس کا خواب بانیان پاکستان نے دیکھا تھا، جن کا مقصد پاکستان کی شکل میں ایک ایسے ملک کا قیام ممکن بنانا تھا جس کی بنیادیں برداشت، میانہ روی اور اسلامی فلاحی معاشرے کے اصولوں پر استوار ہوں اور جو دنیا میں امن، امید اور ترقی کا گہوارہ ہونے کی حیثیت میں پہچانا جائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی سکیورٹی اور امن کے حوالے سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر امریکی امداد کے بارے میں کئے جانیوالے مبالغہ آمیز تبصرے دہشتگردی، غربت اور پسماندگی کا شکار پاکستانی قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، پاکستان دہشتگردی سے آزاد ایک پُرامن دنیا کے مشترکہ خواب کی تعبیر کیلئے پہلے ہی انسانی جانوں، سرمائے اور املاک کی شکل میں کافی قربانیاں دے چکا ہے، پاکستان نے عالمی برادری کا حصہ ہونے کی حیثیت میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے سفر میں کبھی کسی اقدام سے گریز نہیں کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ملک اور عوام کو درپیش مختلف چیلنجز سے کامیابی سے عہدہ برآ ہونے کیلئے ان کی عملی رہنمائی کریں، دوسرے ممالک علاقائی اور عالمی مسائل کی منصفانہ تفہیم اور پاکستان کے جائز تحفظات کو سمجھنے کی کوشش کرکے ہماری مدد کر سکتے ہیں، گزشتہ کئی عشروں کے دوران امریکہ سمیت کئی ممالک نے صحت، تعلیم اور زندگی کے دوسرے شعبوں میں بہتری کیلئے پاکستان سے تعاون کیا، ہمارے لئے یہ تعاون بہت اہم ہے اور ہم مستقبل میں بھی اس طرح کے تعاون کو خوش آمدید کہیں گے، لیکن کسی ملک کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنے کسی فراخدلانہ تعاون کو جواز بنا کر پاکستانی عوام پر ناروا الزامات لگائے یا ان سے بے جا مطالبات کرے۔

انہوں نے اپنا عزم دہراتے ہوئے کہاکہ میری زندگی کا مقصد پاکستان کے عوام کی خدمت ہے جسے میں ہر قیمت پر جاری رکھوں گا، اپنی تمام تر صلاحیتوں کو اس غیر معمولی خلا کو پر کرنے کیلئے صرف کر دوں گا جو موجودہ پاکستان اور اس پاکستان کے درمیان نظر آتا ہے جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا، میرا ایمان ہے کہ ہمارے پاس غربت اور بے توقیری کی موجودہ حالت سے نکلنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ ہم دن رات محنت کریں، اس امداد سے نجات حاصل کر لیں جس سے ہماری عزت نفس مجروح ہوتی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے آپ پر بھروسہ کرنا ہوگا اور یہ یقین رکھنا ہوگا کہ پاکستان کے عوام اپنی قسمت آپ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 664100
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش