0
Monday 18 Sep 2017 11:30

بلوچستان صوبائی کابینہ میں توسیع، راحت فائق جمالی نے وزارت کا حلف اٹھا لیا

بلوچستان صوبائی کابینہ میں توسیع، راحت فائق جمالی نے وزارت کا حلف اٹھا لیا
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے جمالی خاندان سے تعلق رکھنے والی راحت فائق جمالی صاحبہ کو بلوچستان کابینہ میں شامل کر لیا گیا۔ انہوں نے وزارت کا حلف گذشتہ روز اٹھا لیا۔ سرکاری حکام کے مطابق راحت فائق جمالی صاحبہ کو محنت و افرادی قوت کا قلمدان سونپ دیا گیا۔ حلف برداری کی تقریب اتوار کی شام کو گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے راحت فائق جمالی سے وزارت کا حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، صوبائی وزراء، خواتین و مرد ارکان اسمبلی، چیف سیکرٹری بلوچستان اور اعلٰی سرکاری افسران موجود تھے۔ راحت جمالی نواب ثناء اللہ زہری کی کابینہ کی پہلی خاتون وزیر ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 52 سالہ راحت فائق جمالی بلوچستان کی موجودہ صوبائی اسمبلی کی واحد خاتون رکن ہیں، جو عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے پی بی 26 جعفرآباد 2 کی عمومی نشست پر کامیاب ہوئی تھیں۔ بعد میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ راحت فائق جمالی کا تعلق جعفرآباد کے معروف جمالی خاندان سے ہے۔ ان کے شوہر فائق جمالی بھی اس سے قبل صوبائی اسمبلی کے رکن اور صوبائی وزیر رہ چکے ہیں۔ فائق جمالی کے پاس بھی اسی محکمے کی وزارت تھی، جو انکی اہلیہ کو سونپی گئی ہے۔ وہ سابق وزیراعلٰی بلوچستان اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی جان محمد جمالی کی بہن ہیں۔ بلوچستان اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق راحت فائق جمالی نے بلوچستان یونیورسٹی سے اردو میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ انہیں بلوچی، سندھی، سرائیکی، اردو اور انگریزی زبان پر عبور حاصل ہے۔ اس سے قبل عاصم کرد گیلو کو وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جو بعد میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر منسوخ کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 669981
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش