0
Tuesday 19 Sep 2017 14:25

خیبر پختونخوا حکومت کا ایک ضلع اور 3 نئی تحصیلوں کے قیام کا اعلان

خیبر پختونخوا حکومت کا ایک ضلع اور 3 نئی تحصیلوں کے قیام کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ حکومت خیبر پختونخوا نے خیبر پختونخوا لینڈ ریونیوایکٹ 1967 کے تحت اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے فوری طور پر صوبے میں ایک نئے ضلع اور 3 نئی تحصیلوں کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ صوبائی حکومت نے مذکورہ ایکٹ کے تحت موجودہ ضلع کوہستان لوئر میں سے ضلع کلوئی پالس کوہستان قائم کیا ہے۔ سب ڈویژن اور ضلع کلوئی پالس کی تحصیل کا نام پالس ہے جبکہ اس کے 498 موضع جات ہیں۔ اسی طرح صوبائی حکومت نے خیبر پختونخوا لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کی شق 6 کی ذیلی سیکشن (1) اور(2) کے تحت اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے فوری طور پر ضلع ایبٹ آباد میں علاقہ لوئر تناول کو تحصیل کی حیثیت دے دی ہے، مذکورہ علاقے کو تحصیل کا درجہ حاصل ہوگا اور یہ ایک قانون گو سرکل، پانچ وارڈز، دس پٹوار حلقوں اور64 موضع جات پر مشتمل ہو گا۔ حکومت خیبر پختونخوا نے مذکورہ ایکٹ کے تحت ضلع مانسہرہ میں علاقہ بفہ پکھل کو بھی فوری طور پر تحصیل قرار دے دیا ہے، مذکورہ علاقہ تحصیل کا درجہ حاصل ہونے کے بعد دو قانون گو سرکلز، 15 وارڈز، 26 پٹوار حلقوں اور 87 موضع جات پر مشتمل ہوگا۔ اس کے علاوہ مذکورہ ایکٹ کے تحت حکومت خیبر پختونخوا نے ضلع مانسہرہ میں علاقہ دربند کو بھی تحصیل کادرجہ دیدیا ہے، مذکورہ علاقہ تحصیل کی حیثیت کے ساتھ ایک قانون گو سرکل، تین وارڈز، چھ پٹوار حلقوں اور 31 موضع جات پر مشتمل ہوگا ان امور کا اعلان بورڈ آف ریونیو، ریونیو اینڈ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت خیبر پختونخوا کے جاری کردہ چار الگ الگ اعلامیوں میں کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 670263
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش