0
Sunday 1 Oct 2017 12:02
وزیراعلٰی کے پی کا یوم عاشور پر پیغام

امام عالی مقام نے یزید اور اسکی انسانیت دشمن پالیسیوں کیخلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا، پرویز خٹک

امام عالی مقام نے یزید اور اسکی انسانیت دشمن پالیسیوں کیخلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا، پرویز خٹک
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی پرویز خٹک نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک معرکہ تھا جس میں نواسہ رسول (ص) امام عالی مقام حضرت امام حسین (ع) نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے جو لازوال قربانی پیش کی وہ رہتی دنیا تک زندہ رہے گی۔ کربلا کا واقعہ ہمیں اپنے مشن سے محبت، ایثار، قربانی، حق کی حمایت اور باطل کی مخالفت کا درس دیتا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر مسلمان نہ صرف اپنی عظمت رفتہ کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ دنیا میں انسانیت کے استحصال اور ظلم کا خاتمہ کر کے پائیدار امن بھی قائم کر سکتے ہیں۔ عاشورہ محرم کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعلٰی نے کہا کہ سانحہ کربلا تاریخ کے نااہل حکمرانوں کے ظلم و بربریت پر مبنی ایک واقعہ ہے جس میں پوری انسانیت کیلئے عظیم درس پوشیدہ ہے۔ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور اپنے پیروکاروں کو انسانیت سے محبت اور اخوت و یگانگت کے ماحول میں رہنے کا درس دیتا ہے، امام عالی مقام نے ظالم و جابر حکمران یزید اور اسکی انسانیت دشمن پالیسیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا اسی پیغام انسانیت و جدوجہد کو روز آخرت تک زندہ رکھنے کیلئے سیدنا امام حسین (ع) نے اپنے پورے خاندان کی قربانی دی اور حق و صداقت کی بالادستی کیلئے صبر و استقامت کی عظیم مثالیں قائم کیں۔

اپنے پیغام میں وزیراعلٰی پرویز خٹک کا مزید کہنا ہے کہ وقت آچکا ہے کہ ہم آپس میں الجھنے کی بجائے الجھنوں کا سبب بننے والے عوامل کا قلع قمع کریں، قوم دوست اور قوم دشمن عناصر میں فرق پیدا کریں۔ غلبہ اسلام اور استحکام پاکستان کے لئے ہمیں ایک زندہ قوم کے طور پر ظلم، ناانصافی اور کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہو گا۔ بدقسمتی سے ہماری قومی بےحسی کا ہمارے سابقہ حکمران اور ملک دشمن عناصر غلط فائدہ اٹھاتے رہے۔ پرویز خٹک نے اہل وطن سے اپیل کی کہ امن ہماری قومی اور بین الاقوامی ضرورت ہے لہذٰا اس مبارک مہینہ کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے مسلکی ہم آہنگی کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے جو بحیثیت مسلمان ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو نت نئے سیاسی و معاشی چیلنجوں کے علاوہ بے شمار سنگین مسائل کا سامنا ہے، جن سے عہدہ برآ ہونے کیلئے ہمیں آپس میں لڑنے اور دنیا کیلئے جگ ہنسائی کا باعث بننے کی بجائے باہمی اتحاد سے انکے پائیدار حل اور پرامن سیاسی و معاشی تبدیلی کیلئے کمربستہ ہونے اور جہد مسلسل کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 673304
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش