0
Wednesday 4 Oct 2017 19:11

جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار آن لائن داخلوں کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار آن لائن داخلوں کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ جامعہ کراچی نے مالی بوجھ کم کرنے اور کرپشن سے بچنے کیلیے آن لائن داخلے کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کی داخلہ کمیٹی کے ارکان کو فارم چیک کرنے سے لیکر جمع کرنے تک تنخواہوں کے علاوہ کروڑوں روپے ادا کئے جاتے ہیں، جبکہ ہر سال نئے پراسپیکٹس چھپوانے کیلئے نہ صرف 65 لاکھ روپے خرچ کئے جاتے ہیں، بلکہ داخلوں کیلئے کرائے کے سافٹ ویئر لینے کیلئے جو رقم دی جاتی ہے، اس سے جامعہ خود کئی سافٹ ویئرز خرید سکتی ہے۔ کئی شعبوں میں نشستیں ختم ہونے کے بعد بھی اضافی داخلے دینے کا انکشاف ہوا ہے، اضافی داخلوں کی مد میں لاکھوں روپے اضافی ملتے ہیں، نئی انتظامیہ نے اس بدانتظامی اور کرپشن کو روکنے کیلئے داخلہ نظام کو آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا اطلاق جلد ہی کر دیا جائے گا، آن لائن نظام متعارف ہونے سے ناصرف کروڑوں روپے کی بچت ہوگی، بلکہ طلباء کو گھر بیٹھے ایک ہی کلک پر تمام سہولیات میسر ہونگی۔ داخلوں کی فہرستیں بھی آن لائن ہی دستیاب ہوںگی۔

ڈین آف فیکلٹی آرٹس اینڈ سوشل سائنسز اور ڈائریکٹر ایڈمیشن احمد قادری کا کہنا ہے کہ اگلے ماہ نئی داخلہ پالیسی کا اعلان کر دیا جائے گا، تاریخ میں پہلی بار جامعہ کراچی داخلوں کا آن لائن سسٹم متعارف کرنے جا رہی ہے، آن لائن داخلہ نظام میں کام جاری ہے، فارم کیسا ہوگا اور کیا کیا کوائف شامل کئے جائیں گے، اس کا باقاعدہ اعلان اکیڈمک کونسل کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔ احمد قادری کا مزید کہنا تھا کہ آن لائن نظام کے تحت طلباء کو گھر بیٹھے ہی تمام سہولتیں میسر ہونگی، طلبا کو بار بار جامعہ نہیں آنا پڑے گا، آن لائن داخلہ نظام کے بعد جامعہ کو مالیاتی بچت ہوگی، آن لائن نظام کیلئے 31 افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، شہر میں جاری دہشتگردی کی حالیہ لہر اور دہشتگروں کے جامعہ کراچی سے ملنے والے تانے بانے کے بعد جامعہ میں مشکوک طلبہ کی جانچ پڑتال کیلئے بھی نئی پالیسی لانے کا امکان ہے۔
خبر کا کوڈ : 674193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش