0
Friday 13 Oct 2017 12:20

قوموں کی ترقی میں خواتین کا کردار مسلمہ ہے، ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی

قوموں کی ترقی میں خواتین کا کردار مسلمہ ہے، ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی
اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی پروفیسر ڈاکٹر مہرتاج روغانی نے کہا ہے کہ ملازمت پیشہ خواتین کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے اور خواتین کو ہر سطح پر سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے میں پیشرفت کی جائیگی، ملک و قوم کے سنگین چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ملازمت پیشہ خواتین کو مختلف شعبوں میں درپیش مشکلات کا ازالہ اور حقوق کا تحفظ دور حاضر کا اہم تقاضا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پراجیکٹ کوآرڈینیٹر یونائیٹڈ رولر ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن ظل ہما کی سربراہی میں ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے موقع پر خواتین کارکنان کے مسائل کے حل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی و چیئرپرسن کاکس معراج ہمایوں بھی موجود تھیں۔ ڈپٹی اسپیکر پروفیسر ڈاکٹر مہرتاج روغانی نے کہا کہ خواتین کارکنان کے موجودہ مسائل کا تدارک نہایت ضروری ہے کیونکہ قوموں کی ترقی میں خواتین کا کردار مسلمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں کام کرنے والی خواتین کا تناسب مردوں کے مقابلے میں نہایت کم ہے جس کی اہم وجہ دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ کام کرنے والی جگہوں پر ضروری سہولیات کا فقدان ہے، لہٰذا موجودہ قوانین پر عملدرآمد سے ہی خواتین کارکنان کے مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر شعبے میں خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور حکومت خواتین کے مسائل کے حل اور انہیں مختلف شعبوں میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی سے کوشاں ہے۔ قبل ازیں وفد نے ملازم پیشہ خواتین کے مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی جن میں خواتین کو ہراساں کرنا، جاب کوٹہ کی کمی، غیر سازگار ماحول، چیمبر میں اجارہ داری، چھوٹے پیمانوں پر قرضوں کی کمی، کلائنٹ کے تحفظ کی پالیسی کی عدم موجودگی، محکمہ لیبر کی کمزور کارکردگی، تجارتی یونینز میں کم تناسب، اداروں میں ای او بی آئی پالیسی کا عدم رجحان، اضافی کام پر زیادہ اجرت، لیبر قوانین کا کمزور نفاذ، جنسی امتیاز اور زچگی سے متعلق عدم پالیسی شامل ہیں اور اس کے ساتھ مختلف تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 676214
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش