0
Friday 27 Oct 2017 10:47

دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں

دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں
اسلام ٹائمز۔ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیری آج دنیا بھر میں یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی تسلط کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے۔ بھارت مخالف ریلیاں روکنے کے لیے مقبوضہ وادی میں فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ قابض انتظامیہ نے میر واعظ عمرفاروق، سید علی گیلانی، یسین ملک سمیت پوری حریت قیادت کو گھروں میں نظربند کر دیا ہے اور انہیں نماز جمعہ میں بھی شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی۔ امریکا اور برطانیہ سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری تارک وطن اپنی سرزمین پر بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ریلیاں، جلسے جلوس اور احتجاج کیا جائے گا جب کہ سب سے بڑا مظاہرہ آزاد کشمیر کے صدر مقام مظفرآباد میں ہو گا۔

70سال گزرنے کے باوجود کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے اور ان کی جدوجہد آزادی پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ بھارت کا ہر ظلم ان کے جذبہ حریت کو مزید بھڑکا دیتا ہے اور ہر سال سینکڑوں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے آزادی کی شمع کو روشن رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ 1947ء میں تقسیم برصغیر کے وقت کشمیری عوام نے مسلم اکثریتی ریاست ہونے کے باعث پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تھا لیکن بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کر لیا۔

27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی فوج جموں و کشمیر میں داخل ہو گئی اور بڑے پیمانے پر کشمیری مسلمانوں کا قتل عام کیا۔ پاکستانی سرحدی قبائلیوں نے بھارتی قبضے کے خلاف اعلان جنگ کر دیا اور نہتے کشمیریوں کی مدد کے لیے بڑی تعداد میں ہتھیار اٹھا کر کشمیر میں داخل ہو گئے۔ بہادر قبائلیوں نے شدید جنگ کے بعد ایک وسیع علاقے سے بھارتی فوج کو مار بھگایا جو آج آزاد کشمیر کے نام سے جانا جاتا ہے۔ نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھانے والا بزدل بھارت جب پاکستان کے بہادر اور غیور قبائل کا مقابلہ نہ کر سکا تو فورا اس مسئلے کر اقوام متحدہ میں لے گیا۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ نے قرار دیا کہ کشمیر میں ریفرنڈم کرایا جائے اور انہیں اس بات کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے کہ وہ پاکستان یا بھارت میں جس کے ساتھ چاہیں الحاق کر لیں۔ لیکن 70 سال گزرنے کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں حق خودارادیت کے لیے ریفرنڈم نہیں کرایا گیا اور اس پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ بدستور برقرار ہے۔ اس عرصے میں وہ کون سا ظلم ہے جو بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں نہیں ڈھایا اور اب تک وہاں ہزاروں کشمیری شہید اور لاکھوں زخمی ہو چکے ہیں جب کہ بڑی تعداد میں خواتین کی بے حرمتی بھی کی گئی ہے۔ تاہم بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 679489
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش