0
Saturday 4 Nov 2017 22:12

2017ء میں گذشتہ سال کے مقابلے میں دہشت گردی کے واقعات میں 27 فیصد کمی آئی ہے، رپورٹ

2017ء میں گذشتہ سال کے مقابلے میں دہشت گردی کے واقعات میں 27 فیصد کمی آئی ہے، رپورٹ
اسلام ٹائمز۔ نیشنل ایکشن پلان (نیپ) پرعملدآمد کی رواں سال کی رپورٹ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں دہشت گردی کے واقعات میں 27 فیصد کمی آئی ہے۔ نیپ رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری سے اب تک دہشت گردی کے 432 واقعات ہوئے تاہم 2016 کی نسبت دہشت گردی کے واقعات میں27 فیصد کمی واقع ہوئی۔ کارکردگی کے اعداد و شمار کےمطابق رواں برس اب تک 35 لاکھ 72 ہزار 615 سرچ آپریشن ہوئے اور 2 لاکھ 27 ہزار مشکوک افراد گرفتار کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق حساس اداروں کے مابین معلومات کے تبادلے سے دہشت گردی کے 4655 واقعات ناکام بنائے گئے۔ وزارت داخلہ میں 23 اگست 2017ء کو آخری اجلاس ہوا تھا، جس میں خیبرپختونخوا کے گورنر، چاروں صوبوں کے وزرا اعلیٰ اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے شرکت کی تھی۔ صوبائی سطح پر ایپکس کمیٹیوں کے 60 سے زائد اجلاس ہوئے۔ رواں سال دہشت گردی کے مقدمات میں 72 افراد کو تختہ دار پر لٹکایا گیا جبکہ نیپ کے نفاذ سے اب تک مجموعی طور پر فوجداری مقدمات میں 350 سے زائد مجرموں کو پھانسی دی گئی۔

فوجی عدالتوں کو اب تک 219 مقدمات بھیجے جا چکے ہیں جن میں سے 49 مقدمات کے فیصلے سنائے گئے اور 176 تاحال زیرسماعت ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مذہبی منافرت پھیلانے پر 1353 مقدمات درج کر کے 2528 افراد گرفتار کیے گئے ہیں اور فورتھ شیڈول میں 8333 لوگو ں کے نام ڈال دیے گئے ہیں۔ دہشت گردوں کی مالی معاونت پر5023 اکاونٹس منجمند کرکے30 کروڑروپے ضبط کیے جاچکے ہیں۔ یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر چوہدری نثار کے دور میں دسمبر 2016 میں وزارت داخلہ کے ترجمان نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق ایک رپورٹ کے بارے میں ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ان اعداد وشمار کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا تھا۔ نیپ کی سال 2016ء میں عمل درآمد کے حوالے سے جائزہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ نیپ موثر طریقے سے دہشت گردوں اور ان کی تنظیموں کی مالی معاونت روکنے میں ناکام رہا اور کالعدم تنظیموں کے نام بدل کر کام کرنے کے سلسلے کو بھی روکا نہ جاسکا۔
خبر کا کوڈ : 681342
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش