0
Monday 20 Nov 2017 20:12

اسلام آباد دھرنا، پنجاب حکومت نے سر پکڑ لیا، آئی جی کو دھرنا ختم کروانے کا ٹاسک دیدیا

اسلام آباد دھرنا، پنجاب حکومت نے سر پکڑ لیا، آئی جی کو دھرنا ختم کروانے کا ٹاسک دیدیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اسلام آباد میں جاری تحریک لبیک یارسول اللہ کے دھرنے کا ختم کروانے کا ٹاسک آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز کو سونپ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب راولپنڈی چلے گئے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ پولیس افسران سمیت انتظامیہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور دھرنا ختم کروانے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ ذرائع نے "اسلام ٹائمز" کو بتایا کہ ربیع الاول کا مہینہ شروع ہونے کے باعث حکومت صورتحال کے کشیدہ ہونے سے خوفزدہ ہے، حکومت چاہتی ہے کوئی ایسی پالیسی بنائی جائے جس سے سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے، مگر دھرنے والے ہر صورت میں لاٹھی (زاہد حامد) کو توڑنا چاہتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کیساتھ مشاورت کی ہے، جس میں رانا ثناء اللہ نے تجویز دی ہے کہ مذہبی جماعتوں کے مطالبے پر کسی بھی وزیر کو برطرف نہ کیا جائے، اگر ایسا کر دیا گیا تو یہ روایت پڑ جائے گی اور چند ہزار لوگ نکلیں گے، دھرنا دیں گے اور کسی بھی وزیر یا حکومت کو برطرف کروا لیں گے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید تجویز دی کہ اس کیلئے حکومت کے ہم خیال علماء کی خدمات حاصل کی جائیں، وہ تحریک لبیک کے رہنماوں کو دھرنا ختم کرنے پر راضی کریں۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہےکہ ابھی تک حکومت کو کسی بھی جماعت یا رہنما کی جانب سے مثبت پیغام نہیں ملا، تاہم حکومت کی جانب سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت نے اس حوالے سے فوج کی خدمات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اگر تمام  منصوبے ناکام ہو گئے تو آخری آپشن فوج ہی ہوگی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ فی الحال صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی جی عارف نواز کو راولپنڈی بھجوایا ہے۔ عارف نواز کی رپورٹ کے بعد پنجاب حکومت مزید پلان تشکیل دے گی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر قانون زاہد حامد اور رانا ثناء اللہ کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور دونوں کی سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کا ازسر نوء بائیو ڈیٹا لیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 684620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش