0
Thursday 30 Nov 2017 17:32
اسلام آباد میں حکومت سے کیا گیا معاہدہ شہداءکے خون سے غداری کے مترادف ہے

فیض آباد دھرنے کے قائدین نے شہداء کے خون کا ساڑھے 21 کروڑ روپے میں سودا کیا،ضیاءاللہ قادری

ختم نبوت کی تحریک کو ان خادم رضوی اور پیر افضل قادری نے حکومت سے زیادہ نقصان پہنچایا
فیض آباد دھرنے کے قائدین نے شہداء کے خون کا ساڑھے 21 کروڑ روپے میں سودا کیا،ضیاءاللہ قادری
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین تحریک لبیک صاحبزادہ ضیاءاللہ قادری کی زیر صدارت مرکزی مجلس عاملہ، مرکزی مجلس شوریٰ اور مرکزی رہنماﺅں کا لاہور میں اہم اجلاس ہوا جس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کیا گیا کہ ہم پنجاب اسمبلی کے باہر جاری علامہ ڈاکٹر شرف جلالی کے دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور اپنے مریدین، متعلقین اور کارکنان کے ہمراہ اس دھرنے میں بھرپور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خون نے پیر افضل قادری اور مولانا خادم حسین رضوی کا چہرہ پوری قوم کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے، محبان ختم نبوت آئندہ ان کی منفی سیاست کو مسترد کر دیں گے، دین کو تخت پر لانے کے دعوے کرنیوالوں سے دین فروشی کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اہلسنت کے جذبات سے کسی کو بھی کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، ختم نبوت کی تحریک کو ان خادم رضوی اور پیر افضل قادری نے حکومت سے زیادہ نقصان پہنچایا، حکومت کی بغل میں بیٹھ کر دھرنا دینے والے دینی جماعتوں کی بدنامی کا سبب بنے، صوفی ازم کے ماننے والوں کے ووٹ کو تقسیم کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل حنیف طاہر، مولانا فیاض احمد فیاضی، صاحبزادہ پیر سید عمرہ شاہ گیلانی، پیر زبیر عبدالنبی، مفتی باغ علی رضوی، مولانا عنایت الحق، مولانا حماد الدین چشتی، قاری خلیل الرحمن نظامی، سید عطاءالمصطفےٰ نقشبندی، مولانا عبداللطیف قاری سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔

تحریک لبیک نے فیض آباد دھرنے پر حکومت سے کئے گئے معاہدے سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ پیر افضل قادری اور مولانا خادم حسین رضوی کی جانب سے حکومت سے کیا گیا معاہدہ شہداءکے خون سے غداری کے مترادف ہے، ہم ایسے کسی معاہدے کو تسلیم نہیں کریں گے جس سے ختم نبوت کے کاز کو نقصان پہنچتا ہو، فیض آباد دھرنے کے قائدین نے شہداء کے خون کا ساڑھے 21 کروڑ روپے میں سودا کیا، رانا ثناءاللہ سمیت دیگر ذمہ داران کیخلاف کارروائی کئے بغیر ختم نبوت کی تحریک کی کسی صورت ختم نہیں کیا جا سکتا، پیر افضل قادری اور مولانا خادم حسین رضوی قوم کے سامنے وضاحت کریں کہ کارکنان اہلسنت کے قتل عام کے بعد جہاں پوری حکومت گرائی جا سکتی تھی وہاں محض ایک وزیر کی برطرفی پر کیوں اکتفا کیا گیا؟ ختم نبوت کے غداروں کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، تمام دینی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے، 12 ربیع الاول کے بعد حکومت مخالف تحریک کا اعلان کریں گے، اس سلسلے میں جلد پریس کانفرنس کے ذریعے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 686774
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش