0
Monday 11 Dec 2017 23:31

حضرت علیؑ کو الله کے برابر یا حضور اکرمؐ کا ہم رتبہ سمجھنے والا مشرک و کافر ہے، حسین موسوی

حضرت علیؑ کو الله کے برابر یا حضور اکرمؐ کا ہم رتبہ سمجھنے والا مشرک و کافر ہے، حسین موسوی
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان یونٹ قاسم آباد کے زیراہتمام حیدر آباد کے علاقے قاسم آباد میں ہفتہ وحدت سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں انجنئیر سید حسین موسوی اور اصغریہ کے مرکزی صدر سید پسند علی رضوی نے خطاب کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حسین موسوی نے کہا کہ کربلا ختم نبوت کی اعلٰی اور واضح دلیل ہے، یہ واقعہ واضح کرتا ہے کہ نبوت کا سلسلہ ختم اور امامت کا سلسلہ جاری ہے، قادیانی فرقہ کی تمام دلیلیں مکتب تشیع عقلی دلیلوں سے رد کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور میں علمائے تشیع کا اس بات پر اجماع رہا ہے کہ ختم نبوت ضروریات دین میں سے ہے اور اس کا منکر مرتد ہے، حضرت محمدؐ کی حرمت و منزلت کی حفاظت میں جناب ابو طالبؑ نے آغاز تبلیغ میں شعب ابی طالب میں فاقوں کی زیادتی اور غموں کی فراوانی برداشت کرکے بے مثال قربانیاں دیکر اور پھر ان کے فرزند جناب علیؑ نے شب ہجرت سے لیکر احد و بدر و حنین، خیبر و خندق اور مباہلہ، غرض ہر معرکہ میں حق خدمت ادا کرکے مسلمانوں کو یہ سبق دیا ہے کہ جناب رسول الله (ص) کی حرمت پر اور ان کے پیغام حقانیت پر کوئی آنچ نہ آنے دینا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جناب علیؑ جیسی برگزیدہ ہستی کے بارے میں جب فرمایا "تم کو مجھ سے وہی نسبت جو ہارونؑ کو موسیٰؑ سے تھی‘‘، تو ساتھ یہ بھی واضح کیا "مگر مرے بعد کوئی نبی نہیں"، یہ حکمت نبوی تھی کہ کوئی اشکال نہ رہے اور کوئی علیؑ کو نبی نہ مان لے۔ انہوں نے کہا کہ جو حضرت علیؑ کو الله کے برابر یا حضورؐ کا ہم منصب و ہم رتبہ سمجھتا ہو، وہ بھی مشرک و کافر ہے، تشیع کا عقیدہ توحید نہج البلاغہ اور دیگر اقوال آئمہ سے واضح ہے، جو تعلیمات رسولؐ کی ترجمان اور دین حق کا اثبات ہیں۔
خبر کا کوڈ : 689346
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش