0
Monday 1 Jan 2018 18:37
طاہرالقادری کی شکل میں ہمیں نوابزادہ نصراللہ مل گیا ہے

عوامی تحریک کے دھرنے میں شرکت کا فیصلہ پارٹی کی مشاورت سے کریں گے، آصف علی زرداری

عوامی تحریک کے دھرنے میں شرکت کا فیصلہ پارٹی کی مشاورت سے کریں گے، آصف علی زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز فور میں پارٹی کے دیرینہ کارکن کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف میں اتنا ہی دم ہے تو وہ پاکستان آکر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف اگر بیرون ملک اپنی اہلیہ کیساتھ ناچ سکتے ہیں تو انہیں واپس آ کر اپنے خلاف دائر مقدمات کا سامنا بھی کرنا چاہیے۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب این آر او ہوا تو وہ اس وقت جیل میں قید تھے اور کوشش کی گئی کہ وہ بھی ایک طیارے میں سوار ہو جائیں لیکن اللہ نے انہیں حوصلہ دیا اور انہوں نے یہ کام نہیں کیا۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ پاکستان عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جو احتجاج کرنے جا رہی ہے کیا اس میں پیپلز پارٹی بھی شامل ہوگی تو ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے فیصلہ پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ پی پی پی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ نوابزادہ نصر اللہ خان کی جو کمی ہمیں محسوس ہو رہی تھی وہ ڈاکٹر طاہر القادری کی شکل میں پوری ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ آصف علی زرداری سے نیب کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ نیب نے سندھ میں ہمیشہ سے پیپلز پارٹی پر ظلم کیا اور صوبے میں ایک ایسی کینال بند کروا دی جو 26 لاکھ ایکڑ کی زرعی اراضی کو سیراب کرتی ہے، جب ان سے نواز شریف کی سعودی عرب میں موجودگی کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ تو ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ایک اہم اسلامی ملک ہے جہاں کرپشن کیخلاف مہم چل رہی ہے لہٰذا ہو سکتا ہے،وہ اپنے کفیل کو بچانے کیلئے گئے ہوں، سعودی عرب کے اپنے مسائل ہوں جن کی وجہ سے نواز شریف وہاں موجودہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ خادمین حرمین شریفین کی عزت کی ہے، ہمیں امید ہے وہاں پاکستان مخالف کوئی سازش تیار نہیں ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 693974
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش