0
Saturday 13 Jan 2018 15:15

تبدیلی کی ہوا گلگت بلتستان کے پہاڑوں تک پہنچ چکی ہے، عارف علوی

تبدیلی کی ہوا گلگت بلتستان کے پہاڑوں تک پہنچ چکی ہے، عارف علوی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تبدیلی کی ہوا گلگت بلتستان کے پہاڑوں تک پہنچ چکی ہے، گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف حکومت بنائے گی، کیونکہ آج گلگت بلتستان کے نوجوان اِس ظلم کے نظام کے خلاف عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا حکومت کی ساڑھے چار سالہ کارکردگی سے ثابت ہوگیا کہ تبدیلی صرف تحریک انصاف لا سکتی ہے، کیونکہ تحریک انصاف لسانیت اور فرقہ واریت سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر تحریک انصاف گلگت بلتستان کے سیکرٹری اطلاعات تقی اخونزادہ، دوا خان صابر، وسیم بھائی، امان ﷲ خان، شاکر خان اور دیگر رہنما بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ کراچی شہر کی تعمیر و ترقی میں بھی گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا کلیدی کردار رہا ہے، تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد صرف اٹھانوے فیصد عوام کے لئے ہے۔ عارف علوی کا کہنا تھا کہ عمران خان اور تحریک انصاف غریبوں کی امید کی آخری کرن ہیں، بدقسمتی سے اِس ملک کو کرپشن اور لوٹ مار کی دلدل میں دھکیلنے والے حکمرانوں نے ہمیشہ عوام کو بے وقوف بنایا ہے، اِس فرسودہ نظام کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنا تحریک انصاف کی اوّلین ترجیح ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کے ساتھ حکمرانوں نے ہمیشہ ناانصافی کی ہے، تحریک انصاف ان حکمرانوں سے ایک ایک پائی کا حساب لے گی اور اِس ملک میں میرٹ کا نظام قائم کرے گی، اس میں قانون کی بالادستی اور عوام کی حکمرانی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 696733
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش